معاشرے کو ترقی پسند بنانے کیلئے خواتین کے حقوق کا تحفظ ناگزیر: گورنر
لاہور (لیڈی رپورٹر+ نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے عام انتخابات میں جنرل نشستوں پر خواتین کے الیکشن لڑنے کے لئے مختص کوٹے کو پانچ فیصد سے بڑھاکر دس فیصد کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ خواتین کے انتخابات میں حصہ لینے سے جمہوریت اور پارلیمنٹ مضبوط ہوگی۔ وہ جمعہ کے روز گورنر ہائوس لاہور میں نیشنل کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن کے زیر اہتمام خواتین کے حقوق اور ان کے تحفظ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر نیشنل کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن کی چیئر پرسن نیلوفر بختیار، پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے صداقت عباسی، لاہور میں امریکی قونصل جنرل ولیم میکانیولے، ویمن پروٹیکشن اتھارٹی پنجاب کی چیئرپرسن فاطمہ چدھڑ، اراکین پنجاب اسمبلی احسن چوہدری، عظمیٰ کاردار، تحریک انصاف کے مرکزی رکن شیخ قیصر ایوب سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ گورنر نے کہا کہ ہماری خواتین ہرشعبے میں اپنی صلاحیتوں کو ثابت کررہی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان ریاست مدینہ کی طرز پر ریاست کی تعمیر کیلئے کوشاں ہیں۔ معاشرے کو ترقی پسند بنانے کے لیے خواتین کے حقو ق کا تحفظ ناگزیر ہے۔ اسلام صنفی امتیاز کی سختی سے ممانعت کرتا ہے۔ خواتین کے حقوق کے بارے میں منفی رویوں کو بدلنے کی ضرورت ہے۔ خواتین کے ساتھ زیادتی کے مجر م بھی دہشت گردوں سے کم نہیں۔ نیلوفر بختیار نے کہا کہ پاکستان کو مضبوط اور خوشحال بنانے کیلئے لازم ہے کہ پاکستان میں بسنے والی خواتین کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ۔ امریکی قونصل جنرل ولیم میکانیولے نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ امریکہ سمیت پوری دنیا میں پاکستانی خواتین ہر شعبے میں بہترین کام کررہی ہیں۔