2سعودی طیارے امدادی سامان اورخوراک لے کرافغانستان پہنچ گئے
ریاض (این این آئی)سعودی عرب کے شاہ سلمان انسانی امداد اور ریلیف مرکز (کے ایس ریلیف)نے خوراک اور امدادی سامان سے لدے دوطیارے افغانستان بھیج دیئے۔ان پرخوراک کی 1647 ٹوکریاں اور 192 امدادی بیگ لدے ہوئے تھے۔عرب ٹی وی کے مطابق کے ایس ریلیف کے نگرانِ اعلی عبداللہ الربیعہ نے بتایا کہ یہ امدادی سامان خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزآل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایات پرعمل درآمد کرتے ہوئے بھیجا گیا ۔انھوں نے کہا کہ سعودی عرب نے افغانستان میں امدادی سامان اور خوراک بھیجنے کیلیے فضائی پل قائم کیا ہے اورچھے امدادی طیارے افغانستان بھیجیجارہے ہیں۔ان کے ذریعے 197 ٹن اور238 کلوگرام وزنی ضروری خوراک اور امدادی سامان بھیجا جارہا ہے۔الربیعہ کے مطابق کے ایس ریلیف 200 امدادی ٹرکوں کے ذریعے مزید امدادی سامان بھی افغانستان بھیجے گا۔اس کو پاکستان سے زمینی قافلوں کے ذریعے روانہ کیا جائے گا اور جنگ زدہ ملک میں خاندانوں میں تقسیم کیا جائے گا۔