یوکرائن: امریکہ نے روسی مطالبات مسترد کر دیئے، جارحیت کے سنگین نتائج ہونگے‘ نیٹو
واشنگٹن / برسلز (نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) امریکہ نے یوکرائن کے معاملے پر روسی مطالبات کو رد کر دیا۔ وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکہ یورپی اتحادیوں کی تجاویز کے بغیر بات چیت نہیں کرے گا۔ نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (نیٹو) نے کہا یوکرائن کے خلاف مزید کسی بھی جارحیت کے سنگین نتائج ہوں گے۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز سٹولٹن برگ نے برسلز میں یوکرائن کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات کے دوران کہا کہ ہم روس سے سفارت کاری کی طرف واپس آنے، کشیدگی میں کمی لانے اور یوکرائن کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز سٹولٹن برگ نے خبردار کیا کہ یوکرائن کے خلاف مزید کسی بھی جارحیت کے سنگین نتائج ہوں گے اور اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ یوکرائن کے صدر نے کہا کہ وہ پرامن حل کے حامی ہیں اور انہیں یقین ہے کہ سفارتی فارمیٹ کے مذاکرات جیت جائیں گے۔