ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی ‘بھارت نے پاکستان کوہر ادیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت نے پاکستان کو 1-3 سے شکست دیدی۔ ڈھاکہ میں جاری ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کا میچ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا، بھارت نے پہلے ہی کوارٹر میں پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کردیا۔دوسرے کوارٹر میں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی، تیسرے کوارٹر میں بھارت کے آکاش دیرسنگھ نے دوسرا گول کرکے ٹیم کی برتری کو دْگنا کردیا، لیکن تیسرے کوارٹر کے اختتام سے ایک منٹ قبل پاکستان کے جنید منظور نے گول کرکے برتری کو کم کیا۔چوتھے کوارٹر میں بھارت کے ہرمن دیپ سنگھ نے اپنا دوسرا گول کرکے بھارت کی برتری 1-3 کردی جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہی۔ بھارتی ڈریگ فلکر ہرمن پریت سنگھ مین آف دی میچ قرار پائے۔پاکستان تیسرا میچ آج کوریا کیخلاف کھیلے گا۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن اڑھائی بجے ہوگا۔ دوسرے میچ میں کوریا نے میزبان بنگلہ دیش کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دیدی ۔ بنگلہ دیش آج جاپان کیخلاف کھیلے گا۔ میچ شام پانچ بجے شروع ہوگا۔ بھارت سات پوائنٹس کیساتھ پہلے‘کوریا پانچ پوائنٹس کیساتھ دوسرے ‘جاپان دو پوائنٹس کیساتھ تیسرے اور پاکستان ایک پوائنٹ کیساتھ چوتھے نمبر پر ہے ۔ بنگلہ دیش بغیر کسی پوائنٹ کے پانچویں نمبر ہے ۔ ملائیشین ٹیم پہلے ایونٹ سے دستبردار ہوچکی ہے ۔