• news

ہمارے دل مکہ و مدینہ میں دھڑکتے ہیں: شجاعت‘ پرویز الٰہی


لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے روضہ رسولﷺ میں شاہی مہمان نواز شیخ عبداللہ محمد السمان نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوستی کے تعلقات کسی مصلحت کا شکار نہیں، سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے۔ ہمارے دل مکہ اور مدینہ میں دھڑکتے ہیں۔ روضہ رسولﷺ میں شاہی مہمان نواز شیخ عبداللہ محمد السمان نے مہمان نوازی پر چودھری صاحبان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پتہ چلا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں آپ قانون سازی کر کے ختم نبوتﷺ کے حوالے سے دین کی خدمت کر رہے ہیں۔ قرآن پاک کا ترجمہ تعلیمی نصاب میں شامل کروایا ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار دین کی خدمت اس طرح کی گئی ہے جس پر آپ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے چودھری شجاعت حسین کی صحت یابی اور درازی عمر اور پاکستان کی ترقی و سلامتی کیلئے خصوصی دعا کی۔  چودھری شجاعت حسین نے اپنی کتاب بھی معزز مہمانوں کو پیش کی۔

ای پیپر-دی نیشن