• news

ہماری لڑائی کرپٹ نظام سے‘ پی ٹی آئی کے وعدے جھوٹ کا پلندہ نکلے: سراج الحق


 لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی لڑائی کسی فرد یا جماعت سے نہیں کرپٹ نظام سے ہے۔ فرسودہ سسٹم نے سات دہائیوں سے ملک میں جڑیں گاڑھی ہوئی ہیں اور اس کے محافظ پارٹیاں اور چہرے بدل بدل کر عوام کی گردنوں پر سوار ہوتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے تبدیلی اور ریفارمز کے وعدے جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے۔ وزیراعظم کی ’’تبدیلی‘‘ یہ ہے کہ انہوں نے جھوٹ کو یوٹرن کا نام دے دیا۔ پی ٹی آئی کے ساڑھے تین برسوں میں قوم کی محرومیوں اور مجبوریوں میں مزید اضافہ ہوا۔ الیکشن ریفارمز لانے کے دعوے کیے گئے مگر ہر ضمنی انتخاب میں پیسے چلے۔ اب بلدیاتی الیکشنز کو چرانے کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔ ملک پر براجمان وڈیرے، جاگیردار اور کرپٹ سرمایہ دار چاہتے ہیں، ہر ادارے پر ان کا قبضہ ہو، حکمران طبقہ چاہتا ہے کہ بائیس کروڑ عوام ان کی ملازم بنی رہے۔ ہمیں ایسا نظام نہیں چاہیے۔ ہمارے لیے جھونپڑی میں رہنے والا اور غریب کا بچہ جس کے پائوں میں جوتا تک نہیں سب سے معتبر ہے۔ جماعت اسلامی یہ چاہتی ہے کہ ملک کے نوجوان آگے آئیں اور کرپٹ نظام کے خلاف جدوجہد کریں۔ جماعت اسلامی قوم کی آواز بن رہی ہے۔ انشاء اللہ اسلامی اور فلاحی پاکستان کی منزل حاصل کرکے دم لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان اقبال میں الخدمت فاؤنڈیشن کے زیراہتمام ’’یوتھ گیدرنگ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان محمد عبدالشکور، سیکرٹری جنرل الخدمت شاہد اقبال، نائب صدر الخدمت ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف اور امیر ضلع لاہور ذکر اللہ مجاہد بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن