شہباز شریف کو اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کا حساب دینا ہو گا: فرخ حبیب
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) اطلاعات و نشریات کے وزیر مملکت فرخ حبیب نے دعویٰ کیا ہے کہ پارلیمان میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے جعلی بنک اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی ہے اور صرف ایک کیس میں ان کی 16ارب روپے کی چوری پکڑی گئی ہے۔ جبکہ وہ کہتے ہیں کہ اْنہوں نے ایک پائی کی بھی کرپشن نہیں۔ اْنہوں نے الزام عائد کیاکہ میاں شہباز شریف کے خاندان کی ملکیتی رمضان شوگر ملز چنیوٹ کے چوکیداروں، مالیوں، چپڑاسیوں، سکیورٹی گارڈز اور ایسے ہی معمولی معمولی ملازمین جن کی ماہانہ تنخواہ کسی طرح بھی15-20 ہزار سے زائد نہیں ان کے اکاؤنٹس سے کئی کئی کروڑ اور کئی کئی ارب روپے نکل رہے ہیں۔ وہ داؤد نگر وارث پورہ فیصل آباد میں مسیحی برادری کی جانب سے کرسمس کا کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ جس میں ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری لطیف نذر اور مسیحی رہنما و شہری بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا میاں شریف کو منی لانڈرنگ کا حساب دینا ہوگا کیونکہ قوم حقائق جاننا چاہتی ہے۔ حکومت اب یہ سچ ان کے سامنے لاکر ہی دم لے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی بھائی ہمارے لئے انتہائی قابل احترام ہیں۔ اس لئے ان کی کرسمس کی خوشیوں میں شریک ہونا ہمارے لئے باعث عزت ہے۔