• news

حکومت تشدد سے انتخابی عمل متا ثر کر رہی ، الیکشن کمشن کے الیکشن کا انتظار: بلاول 

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم الیکشن کمشن کے منتظر ہیں کہ وہ دھاندلی کے خلاف ایکشن لے۔  بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی لوکل باڈیز الیکشن میں دھاندلی کی کوششوں میں اتھاہ گہرائیوں میں دفن ہوچکی ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں اے این پی کے امیدوار کو پولنگ سے ایک دن قبل قتل کردیا گیا، مقتول کے ورثاء نے پی ٹی آئی وزیر پر الزام لگایا کہ رشوت دینے کی کوششوں کے بعد یہ قتل ہوا۔ جبکہ پشاور میں پولنگ سے قبل پی ٹی آئی کے افراد بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگاتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پورا دن پی ٹی آئی کی جانب سے پولنگ سٹیشنز میں توڑ پھوڑ کی خبریں آتی رہیں اور خواتین سمیت پولنگ کے عملے پر حملوں کی خبریں آتی رہیں، پی ٹی آئی کی یہ حرکتیں ایک غیرمقبول حکومت کی غماز ہیں، ہم الیکشن کمشن کے منتظر ہیں کہ وہ دھاندلی کے خلاف ایکشن لے۔ بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمشن صاف و شفاف انتخابات کو یقینی بنائے، ہم خیبرپختونخوا کے عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ پی ٹی آئی کی چالبازیوں سے رکنے کی ضرورت نہیں، جیالے انتخابی خلاف ورزیوں کو پارٹی الیکشن سیل یا الیکشن کمیشن میں رپورٹ کریں۔ دریں اثناء ایک ٹویٹ میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی تشدد اور دھاندلی کے سہارے عوام کے انتخاب کرنے کے عمل کی حیثیت کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن