• news

حکومت صنفی برابری کو ممکن بنانے کیلئے کوشاں ہے‘ صوبائی محتسب اعلیٰ 

ملتان (نیوز رپورٹر)صوبائی محتسب اعلیٰ پنجاب نبیلہ حاکم خان نے کہا ہے کہ خواتین پرجنسی و جسمانی تشدد اور ہراساں کرنے کے واقعات میں کمی لانے کے لئے لازم ہے کہ ہر مرد و عورت کو قوانین سے آگاہی میسر ہو۔ کم و لاعلمی ہمارے معاشرے کو ترقی پسندی سے انتہا پسندی کی جانب لے جارہی ہے اس ضمن میں رفاہی و فلاحی اداروں کا کردار اہم ہے کہ وہ عوام میں نچلی سطح تک رسائی حاصل کرکے انہیں قوانین سے ٓاگاہ کریں۔حکومت صنفی برابری کو ممکن بنانے کے لئے ایسے عملی اقدامات کررہی ہے جو خواتین اور نظر انداز کئے جانے والے گروہوں کو برابری کی سطح پر لانے میں مثبت کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار  ادارہ استحکام شرکتی ترقی  کے اشتراک سے  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈویڑنل  ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر ملتان مزمل یار اور انچارج مرکز برائے انسداد تشدد برائے خواتین ملتان منیزہ منظور بٹ ‘ چیئرمین ٹریڈرز ملتان خالد محمود قریشی، پروجیکٹ منیجر فرخ خان، سماجی رہنمازہرہ سجاد زیدی،اللہ داد خان، زاہدہ حمید اور جواد امین قریشی نے کہا کہ کم عمری کی شادی کے قانون کو مزید سخت کیا جائے، خواتین پر ہونے والے تشدد کی روک تھام کے لئے گھریلو تشدد کے خلاف قانون سازی کرکے اسے جرم قرار دیا جائے۔ تقریب سے عبدالمطلب فرخ، میڈم بلالی، مسز اَصفہ سلیم، گلشن وڑائچ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر-دی نیشن