• news

اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں: طارق محمودالحسن 

 لاہور (نیوز رپورٹر ) وائس چیئرمین (او پی سی) مخدوم سید طارق محمود الحسن نے کہا کہ مسائل کے بروقت حل اور سہولیات کی فراہمی سے اوورسیز پاکستانیوں کا اوپی سی پر اعتماد بڑھا ہے اور پنجاب اوورسیزپاکستانیز کمیشن کانفرنس کے انعقاد سے پنجاب میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے دفتر میں پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلا س میں کمشنر او پی سی سید خادم عباس، ڈایکٹرجنرل عشرت اللہ نیازی اور دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدارکے ویژن کے تحت اوورسیز پاکستانی کمیشن پنجاب سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور خدمات کی فراہمی کیلئے دن رات کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا بیرون ممالک بسنے والے پاکستانی وطن کا سرمایہ ہیں بلاشبہ وطن پر آئی ہر مشکل سے نبردآزما ہونے میں انہوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالا ہے۔وائس چیئرمین (او پی سی) مخدوم سید طارق محمود الحسن نے بتایا ہے کہ پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن نے تین ماہ میں بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔اس ادارے نے سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے محدود وسائل کے باوجود قلیل مدت میں خصوصی اقدامات اٹھائے ہیں۔جن میں موبائل ایپلیکیشن اور 24/7ہیلپ لائن کا آغاز کیا گیا جس کے تحت اب تک گیارہ ہزار سے زائد شکایات کا ازالہ کیا جاچکا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن