او آئی سی اجلاس‘ اچھا ہوتا وزیراعظم عافیہ‘ مسئلہ کشمیر کا بھی ذکر کرتے: سعد رضوی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر تحریک لبیک پا کستان حافظ سعد حسین رضوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی میزبانی میں او آئی سی کا اجلا س خوش آئند ہے، افغانستان کی صورتحال پر انسانی ہمدردی کے اقدامات قابل ستائش ہیں، غیر مستحکم اور دیوالیہ افغانستان دنیا کے لیے اچھا ثابت نہیںہو گا، افغانستان میں انسانی تباہی کا خطرہ ٹالنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔ عالمی برادری انسانی حقوق کا احترام کر تے ہوئے افغانستان کے منجمد اثاثے فوری طور پر بحال کروانے میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ افغانستان کو انسانی اور مالی بحران سے بچایا جا سکے۔ سعد حسین رضوی نے کہا کہ اچھا ہوتا وزیر اعظم اپنی تقریر میں خطے کے پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر اور قوم کی بیٹی عافیہ صدیقی کا بھی ذکر کرتے، کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا، کشمیر میں ہونے والے ظلم و ستم کی داستانیں کب سے دنیا کے سامنے ہیں لیکن اقوام متحدہ سمیت تمام مسلمان ممالک کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو رہا کروانا پاکستانی حکومت اور قوم کے لیے امتحان ہے۔ سعد رضوی کا مزید کہنا تھا کہ جہد مسلسل ہر محاذ پر ضروری ہے۔ اسلامی دنیا نے صحیح طرح سے مغرب کی جانب سے ابھرنے والے اسلامو فوبیا تاثر کو ختم کرنے میں حقیقی بنیادوں پر کام کیا ہوتا تو آج یہ نو بت نہ آتی۔