• news

پاکستان اقلیتوں کیلئے ’’سورگ‘‘ وہ مقام حاصل جو کہیں اور نہیں: ہندو یاتری


لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان اقلیتوں کے لیے سورگ سے کم نہیں، تاریخی ورثہ کٹاس راج ٹیمپلز کی حفاظت مندر وگوردواروں کی تزئین و آرائش اور اصل حالت میں برقرار رکھنے پر ٹرسٹ بورڈ کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ خطے میں قیام امن اور مذہبی سیاحت کو فروغ مل رہا ہے۔ حکومت پاکستان سے گزارش ہے کہ ویزوں کی تعداد بڑھائی جائے۔ یہ باتیں ہندو یاتریو ں کے جتھہ لیڈر سنجیو کمار نے کٹاس راج ٹیمپلز میں بھارتی ہندو یاتریوں کے اعزاز میں متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بہترین مہمان نوازی سے امن اور محبت کا پیغام ملا۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری (شرائنز)  رانا شاہد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں غیر مسلموں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ بھارتی یاتریو ں کے ویزوں کی تعداد بڑھانے کے لئے حکومت پاکستان سے درخواست کی جائے گی۔ بھارتی ہندو رہنما را کیش اروڑا کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان کی مٹی سے پیار ہے۔ ہندو یاتریوں کو ٹرانسپورٹ، رہائش اور میڈیکل کیلئے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں جس پر ہم حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں۔ بھارتی جتھہ کے ڈپٹی پارٹی لیڈر جسونت سنگھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں میڈیا کے ذریعے بھارت سمیت دنیا بھر کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں پاکستان میں اقلیتوں کو وہ مقام حاصل ہے جو کہیں اور میسر نہیں ہے۔ تقریب کے اختتام پر رانا شاہد نے بھارتی ہندو یاتریوں کو چیئرمین بورڈ کی طرف سے خصوصی تحائف پیش کیے۔ ہندو یاتریوں نے اپنی مذہبی عقائد کے مطا بق پوتراشنان، امر کنڈ سروور، جبکہ شام کے وقت دیپ مالا کی رسم میں دیئے جلائے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن