• news

بلدیاتی حکومت جس کی بھی بنے، چا ہتے ہیں خود مختار ہو : حسان خاور

لاہور (خصوصی نامہ نگار+نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب و  ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے اپوزیشن کی آئی سائٹ (دیکھنے کی حس) کمزور ہے، اسے صرف وہی نظر آتا ہے جو وہ دیکھنا چاہتے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت گذشتہ 70 سال کے غلط فیصلوں کا ڈٹ کر مقابلہ اور تصحیح کر رہی ہے۔ ہمارا فوکس پرفارمنس  اور فری اینڈ فئیر الیکشن پر ہے۔ ہماری پالیسی ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں  جس کی چاہے حکومت بنے مگر خودمختار ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیلانی پارک میں میڈیا سے گفتگو اور ذرائع ابلاغ کے نمائندگان کے مختلف سوالوں کے جواب دیتے  ہوئے کیا۔ قبل ازیں انہوں نے   پی ایچ اے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے جواد قریشی، چیئرمین پی ایچ اے انجینئر یاسر گیلانی، وائس چیئرمین پی ایچ اے حافظ ذیشان، اور دیگر اعلیٰ افسران سے ملاقات کی۔ اس موقع پر حسان خاور کو پی ایچ اے کے اقدامات اور منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ترجمان نے پی ایچ اے کے اقدامات اور منصوبوں کو سراہا اور پی ایچ اے کے افسران کی تعریف و تحسین کی۔ دوسری جانب حسان خاور نے  ایک عام شہری کے روپ میں عجائب گھر لاہور کا سرپرائز دورہ کیا جہاں انہوں نے عام شہریوں کی طرح قطار میں لگ کر ٹکٹ خریدی اور واک تھرو گیٹ پر چیکنگ کروائی۔ حسان خاور نے میوزیم کے مختلف حصے دیکھے اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ سرپرائز دورہ مکمل کرنے کے بعد حسان خاور نے ڈائریکٹر میوزیم سے رابطہ کیا اور ملاقات کی۔ ڈائریکٹر لاہور میوزیم اعجاز احمد منہاس نے حسان خاور کو خوش آمدید کہا اور میوزیم کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ای پیپر-دی نیشن