افغانستان پر او آئی سی کا نفرنس کا میاب رہی ، حسین ابراہیم ، شاہ محمود
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار‘ آئی این پی‘ اے پی پی) او آئی سی سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ انڈونیشیا، اردن، کرغزستان، قازقستان، بنگلہ دیش، سیرالیون کے وفود اسلام آباد ائرپورٹ سے روانہ ہو گئے۔ وزیرمملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب اور وزیر مملکت علی محمد خان نے مہمانوں کو الوداع کیا۔ وطن واپسی پر روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ نے کہا ہے کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال پر اوآئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 17 ویں غیر معمولی اجلاس میں افغان عوام کی مدد کے لیے عالمی فنڈ کا قیام اور افغانستان کے لئے او آئی سی کے خصوصی نمائندہ کی تعیناتی اہم کامیابی ہے، امید ہے کہ اسلامی تعاون تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے علاوہ دیگر ممالک بھی اس فنڈ میں حصہ ڈالیں گے، غیر معمولی اجلاس کی کامیابی خوش آئند ہے، توقع ہے کہ اس سے خطے بالخصوص افغانستان میں بہتری آئے گی۔ او آئی سی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ او آئی سی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کے عوام اور حکومت کے مشکور ہیں، یہ غیر معمولی اجلاس ایک بڑی کامیابی تھا۔ او آئی سی کے اجلاس میں او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکرٹری طارق بخیت کو نمائندہ خصوصی برائے افغانستان مقرر کیا گیا۔ انہوں نے اجلاس میں شریک طالبان کے نمائندے سے ملاقات بھی کی۔ تاکہ 40 سال سے مصائب کا شکار افغانوں کی مدد ہو سکے۔ وزرا خارجہ کی کانفرنس کے تاریخی اثرات مرتب ہوں گے۔ علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اعلی سطحی اجلاس میں سپیشل سیکرٹری خارجہ رضا بشیر تارڑ اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عالمی سطح پر سرخرو کیا۔ وزیر خارجہ نے سیکرٹری خارجہ اور وزارت خارجہ کی تمام ٹیم کو مبارکباد دی۔ شاہ محمود قریشی نے اہم بیان میں کہا ہے کہ اللہ نے پاکستان کو عزت اور کامیابی عطا فرمائی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو سرخرو کیا۔ او آئی سی ممالک کے 20 وزرائے خارجہ اور 10 نائب وزرائے خارجہ کا او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میںشرکت کرنا پاکستان بڑی کامیابی ہے۔ وزرائے خا رجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں 437وفود پاکستان میں منعقدہ اس تاریخی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران افغانستان کیلئے ٹرسٹ فنڈ کے قیام میں کامیاب ہوئے ہیں۔ افغانستان کے بینکنگ سسٹم کی بحالی سے متعلق قرارداد لائے، یہ بہت بڑی پیشرفت ہے۔ او آئی سی وزرائے خا رجہ کے غیر معمولی اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب نے ملکر کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ کے ساتھ تعاون کرنے والے تمام اداروں اور ان سے متعلقہ شخصیات کا شکریہ ادا کرتا ہوں یہ مسئلہ طالبان کا نہیں مسئلہ 38ملین افغان عوام کا ہے، افغان عوام بھوک اور قحط کا سامنا کر رہے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی، سینٹ اور افواج پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ دفتر خارجہ کے عملے نے محنت کرکے کانفرنس کو کامیاب بنایا۔