او میکرون خطرہ،30سال والے بھی بو سٹرڈوز کے اہل ، کئی ایشیائی مارکیٹوں میں مندا
اسلام آباد‘ راولپنڈی‘ لاہور‘ ڈیووس‘ ابوظہبی‘ واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار+ سٹاف رپورٹر+ سٹی رپورٹر+ اے پی پی) کرونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے خطرات کے پیش نظر این سی او سی نے لازمی ویکسی نیشن کیلئے اقدامات سخت کرنے کا فیصلہ کیا۔ دوسری طرف بوسٹر ڈوز کیلئے عمر کی حد 50 سے کم کر کے 30 سال کر دی گئی ہے۔ تفصیل کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اہم اجلاس وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت ہوا، جس میں کرونا وباء کے کرو چارٹ، قومی ویکسینیشن حکمت عملی اور بیماری کے پھیلاؤ کا جائزہ لیا گیا، جبکہ فیصلہ کیا گیا کہ کرونا کی نئی قسم (اومیکرون) کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر لازمی ویکسینیشن پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کئے جائیں گے۔ این سی او سی نے تمام شہروں سے ویکسینیشن یقینی بنانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم جنوری سے 30 سال سے زائد عمر کے افراد بوسٹر ڈوز لگوا سکیں گے۔ سول ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ سی اے اے کو برطانیہ سے پاکستان آنے والی پروازوں سے متعلق نئی ہدایات موصول ہوئی ہیں جس میں برطانیہ سے پاکستان آنے والی پروازوں کے تمام مسافروں کے ائیرپورٹس پر ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ لازمی قرار دیئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں بورڈنگ سے 48 گھنٹے قبل کی منفی پی سی آر رپورٹ بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 360کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 6 افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 354 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 0 اعشاریہ83 فیصد پر آ گئی ۔ ادھر اومی کرون کے خوف کے باعث ڈیووس میں ہونے والا ورلڈ اکنامک فورم مؤخر کر دیا گیا۔ ہسپانوی ٹینس سٹار رافیل نڈال کرونا کا شکار ہو گئے۔ رافیل نڈال ابوظہبی میں ایک ہفتہ قیام کے بعد سپین واپس گئے تھے۔ رافیل نڈال نے ٹویٹ کیا ہے کہ خود کو گھر میں محدود کر لیا ہے۔ فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق کرونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافے کے خدشات کے پیش نظر کئی ایشیائی ممالک کی مارکیٹیں مندی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔ کرونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے معیشتیں متاثر ہو رہی ہیں۔