شو کت رین 87ووٹ لیکر سینٹر منتخب: مہنگائی دنیا بھر میں ہے: مشیر خزانہ
پشاور (بیورو رپورٹ) مشیر خزانہ شوکت ترین خیبر پی کے سے سینیٹر منتخب ہو گئے۔ مشیر برائے خزانہ شوکت ترین کیلئے صوبہ خیبرپختونخوا سے محمد ایوب آفریدی کی خالی کردہ سینٹ کی نشست پر پیر کے روز انتخاب عمل میں آیا۔ شوکت ترین کے مقابلے میں عوامی نیشنل پارٹی نے شوکت امیر زادہ، پاکستان پیپلز پارٹی نے محمد سعید اور جمعیت علماء اسلام (ف) نے ظاہر شاہ کو امیدوار نامزد کیا۔ صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں قائم پولنگ سٹیشن میں صوبائی اسمبلی کے ارکان نے ووٹ ڈالا۔ الیکشن میں صبح 9 سے شام 4 بجے تک پولنگ ہوئی اور 145ارکان پر مشتمل خیبرپی کے اسمبلی میں کُل 122 ووٹ کاسٹ کیے گئے جن میں سے 9 ووٹ مسترد ہوئے۔ 113 ووٹوں میں سے 87 ووٹ لے کر شوکت ترین سینیٹر منتخب ہو گئے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار شوکت امیرزادہ اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار ظاہر شاہ کو 13، 13 ووٹ ملے۔ مشیر خزانہ شوکت ترین نے سینیٹر منتخب ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پہلی مرتبہ سینیٹر نہیں بنا بلکہ اس سے پہلے بھی بن چکا ہوں، اس سے قبل جب میں بنا تھا تو اس وقت میں وزیر خزانہ تھا۔ شوکت ترین نے مزید کہا کہ خیبرپی کے میرے دل کے بہت قریب ہے کیونکہ انہوں نے بہت صعوبتیں جھیلی ہیں، 30سال تک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان سے بہت زیادتی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم یہاں کامیاب جوان پروگرام لائیں گے جس کے تحت نوجوانوں کو زراعت کیلئے بلاسود قرضے دئیے جائیں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مہنگائی صرف پاکستان میں نہیں ہے بلکہ دنیا بھر میں ہے، دیگر چیزوں کے بھی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ امریکا اور بھارت میں بھی مہنگائی ہوئی ہے لیکن اگلے چند مہینوں میں یہ قیمتیں نیچے آئیں گی اور مقامی سطح پر موجود اشیا کی قیمتیں تو ہم نے پہلے ہی سنبھالی ہوئی ہیں۔