• news

امر یکی خصو صی نمائندہ کی ملاقات، افغانستان میں انسانی بحران روکنے کیلئے عالمی اتحاد ضروری: آرمی چیف

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تھامس ویسٹ نے پیر کو جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ دنیا اور خطہ ایک غیر مستحکم افغانستان کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ آرمی چیف نے بڑھتے ہوئے انسانی بحران کو روکنے کے لیے عالمی اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے 17ویں غیر معمولی اجلاس میں شرکت پر امریکی نمائندے کا شکریہ ادا کیا۔ امریکی نمائندے نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار اور موثر پاک افغان بارڈر مینجمنٹ کے لیے خصوصی کاوشوں کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔ انہوں نے OIC کے وزرائے خارجہ کے 17ویں غیر معمولی اجلاس کے انعقاد کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سے ملاقات میں تھامس ویسٹ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہیں۔ پاک افغان بارڈر پر کئے جانے والے خصوصی اقدامات اور او آئی سی اجلاس کے انعقاد کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن