شہریوںکو خطرات میں ڈالنے والی گاڑیوں کیخلاف سخت کارروائی کاحکم
لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے شاہرات پر اوور لوڈنگ اور اوور سپیڈنگ کرکے شہریوں کی جانیں خطرات میں ڈالنے والے ڈرائیورز اورگاڑیوں،بسوں، ٹریکٹرٹرالیوں کیخلاف سخت قانونی کاروائی کے احکامات جاری کئے ہیں۔آئی جی پنجاب نے صوبے کے تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز اور ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسرز کو ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ دھند اور سموگ کے موسم میں اوور لوڈنگ اور اوور سپیڈنگ کرنیوالی گاڑیوں کیخلاف صوبے کے تمام اضلاع میں خصوصی مہم شروع کی جائے۔گنے کی کرشنگ کے علاقوں میں اوور لوڈنگ کرنیوالے ٹریکٹر/ ٹرالیوں اور دیگر گاڑیوں کیخلاف سخت کاروائی کی جائے۔ اور گنے یا بھوسے سے اوور لوڈنگ کرنے والی ٹریکٹر / ٹرالیاں یا دیگر گاڑیوں کو ہائی ویز پر آنے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے۔ اوور لوڈنگ کرنیوالی پبلک و پرائیویٹ ٹرانسپورٹ خصوصا بسوں اور ویگنوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے اور اسی طرح اوور سپیڈنگ کرنے والی گاڑیوں، بسوں اور دیگر ٹرانسپورٹ کیخلاف خصوصی کریک ڈاؤن کیا جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے صوبے کے تمام آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز اور ٹریفک پولیس افسران کو جاری کیں۔انہوں نے کہاکہ شاہرات پر آہستہ چلنے والی گاڑیوں، ٹریکٹر، ٹرالیوں، گدھا گاڑیوں وغیرہ پر ریفلیکٹر سٹیکرز لازمی لگائے جائیں۔ شوگر ملوں کے باہر قطار میں ٹریکٹر ٹرالیوں کو پارکنگ کی اجازت نہ دی جائے بلکہ فیکٹریوں کے اندر ٹرالیوں کو پارک کروایا جائے تاکہ ان فیکٹریوں کے باہر اور گردونواح میں ٹریفک کی روانی ہرگز متاثر نہ ہو۔ دھند کے موسم میں شہریوں کی سہولت کیلئے محفوظ ڈرائیونگ سے متعلق آگاہی مہم میں تیز ی لائی جائے اور شہری اور ٹرانسپورٹر حضرات کو باور کرایا جائے کہ وہ اوورلوڈنگ اور تیز رفتاری سے باز رہیں ورنہ سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔ تمام اضلاع اوور لوڈنگ اور اوور سپینڈنگ کیخلاف ہونے والی پولیس کارروائیوں کی تفصیل باقاعدگی سے سنٹرل پولیس آفس بھی بھجوائیں۔