شہباز کسی عدالت میں بلائیں ثبوت لیکر پہنچ جاؤں گا: شہزاد اکبر
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبرنے کہا ہے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا تھاکہ وہ مجھ پر مقدمہ دائرکریں گے۔ آج تک ان کے نوٹس کا انتظار کررہا ہوں۔ چیلنج ہے کہ کسی عدالت میں بلالیں، میں ثبوت لیکر عدالت میں پیش ہو جاؤں گا۔ شہباز شریف نے قوم سے جھوٹ بولا ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی نئی آڈیو پر مریم اورنگزیب کو تکلیف کی دو تازہ وجوہات ہیں۔ ایک آڈیو اور دوسرا میاں شہباز شریف کے خلاف کیس ہے۔ شہباز شریف کیخلاف دوسرے کیس میں فرد جرم عائد ہونے جا رہی ہے۔ رمضان شوگر ملز کے 14 ملازمین کے نام پر 28 بے نامی ٹرانزیکشنز ہوئیں۔ ملازمین کے نام پر 16 ارب روپے سے زائد کی منی لانڈرنگ کی گئی۔ اگر شہباز شریف سمجھتے ہیں یہ مقدمہ جھوٹا ہے تو عدالت میں درخواست دے دیں۔ عدالتوں میں تمام ثبوت موجود ہیں۔ شہباز شریف اور ان کے بچوں کو جواب دینا ہوگا۔ شہباز شریف نے جو کچھ کیا اس پر تازہ ناول لکھا جا سکتا ہے کیس کی سات جلدیں ہے۔ شواہد پر مشتمل 4 ہزار تین سو سے زیادہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیلی میل کی سٹوری پر شہاز شریف نے کہا تھا کہ وہ مجھ کو لند ن کی عدالتوں میں گھسیٹیں گے مگر اب تک ان کی چٹھی کا انتظار کر رہا ہوں۔ مجھے کسی عدالت میں لے جائیں، میاں شہاز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کے دو مقد مات ہیں مگر ملزم ایک ہے۔ نیب کا کیس ذرائع سے زائد اثاثوں کا ہے۔