بلوچستان ، اومیکرون کے 12مشتبہ کیس 2022وائرس کے خاتمے کا سال ہونا چا ہئے
اسلام آباد‘ پشاور‘ واشنگٹن‘ نیویارک (خبر نگار‘ بیورو رپورٹ‘ اے پی پی) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 270 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 4 افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 297 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 0 اعشاریہ 63 فیصد پر آ گئی۔ پاکستان بھر میں اب تک 28 ہزار 882 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 91 ہزار 737 ہو چکی ہے۔ برطانیہ میں او میکرون ویرینٹ کے تیزی سے پھیلائوکے باعث پاکستان آنے والی پروازوں کی سخت چیکنگ کی ہدایت کردی گئی ہے۔ باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر خصوصی ٹیمیں پہلے سے ہی تشکیل دی گئی ہے۔ دبئی، شارجہ، ابو ظہبی اور سعودی عرب کے راستے آنے والوں مسافروں کی بھی سختی سے نگرانی شروع کردی گئی ہے۔ سول ایوی ایشن حکا م کے مطابق برطانیہ سے آنے والی پروازوںکے تمام مسافروں کے ایئرپورٹس پر ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ برطانیہ سے پاکستان آنے مسافروں کو پرواز سے 48گھنٹے قبل کرونا پی سی آر ٹیسٹ بھی لازمی کرانا ہوگا۔ محکمہ صحت پنجاب نے صوبے میں کرونا کے سلسلے میں نافذ وقتی پابندیوں کو ختم کر دیا۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کرونا کی صورتحال پر قابو پا لیا گیا ہے۔ محکمہ صحت کے نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں کاروبار کے معمول کے اوقات کار بحال کر دئیے گئے اور کاروبار کے تمام شعبوں میں جزوی اوقات کار بھی ختم کر دئیے گئے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں آج سے تمام مارکیٹیں 24 گھنٹے کھلی رہیں گی۔ پابندیوں کے خاتمے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کا اطلاق 21 دسمبر سے پنجاب بھر کے تمام 36 اضلاع پر ہوگا۔ امریکہ میں اومی کرون ویرینٹ سے پہلی ہلاکت بھی سامنے آئی ہے۔ ٹیکساس میں پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی اور مریض کے غیر ویکسین شدہ ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ مریض کی عمر 50 سے 60 سال کے درمیان تھی حکام کے مطابق گزشتہ ہفتے کرونا میں مبتلا ہونے والے 73 فیصد سے زائد افراد اومی کرون سے متاثر ہوئے۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کے سربراہ ٹیڈ روس نے کہا ہے کہ 2022 کرونا وائرس کی وبا کے خاتمے کا سال ہونا چاہیے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق جاری کئے گئے ایک بیان میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کے سربراہ ٹیڈ روس نے کہا کہ کرونا وائرس کی وبا کے خاتمے کے لیے دنیا کو مل کر مشکل اقدامات کام کرنا چاہئیں۔ کرسمس اور نئے سال کی تقریبات سے پہلے اومیکرون ویرینٹ پنجے گاڑنے لگا۔ سرمایہ کاروں میں خوف کی لہر دوڑ گئی۔ دنیا بھر کی منڈیاں بٹھا دیں۔ کرونا پابندیوں کے خوف نے عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں گرا دیں۔ عالمی ادارہ صحت نے دنیا بھر سے آئندہ سال میں کرونا وائرس کی وبا کو ختم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ امریکی صدر کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ لیا گیا جو منفی آیا۔ بلوچستان میں اومی کرونا کے 12مشتبہ کیسز سامنے آ گئے۔ انچارج کرونا آپریشن سیل ڈاکٹر شعیب اللہ نیازی نے کہا ہے کہ اومی کرون کے مشتبہ کیسز قلات سے سامنے آئے۔ برطانیہ میں گزشتہ 24گھنٹے کے دوران کرونا کے مزید 91ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آگئے جبکہ 44افراد ہلاک بھی ہوئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 91 ہزار 743 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ اومی کرون کیسز کی مجموعی تعداد 45 ہزار 145 ہوگئی۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا تھا کہ اومی کرون کے سبب انتہائی مشکل صورت حال کا سامنا ہے،کسی بھی پابندی کو رد نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑی تو عوام کے تحفظ کیلئے مزید پابندیاں لگا سکتے ہیں۔