• news

سندھ کے بر عکس پنجاب میں کود مختار بلدیاتی ادارے بنانے جا رہے ہیں : حسان خاور

لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیرِاعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات، سیاحت و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف جیت ہار سے بالاتر ہو کر آزاد اور خود مختار اداروں کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختیارات اور فنڈز کے بغیر سندھ کے کمزور بلدیاتی نظام کے برعکس ہم پنجاب میں بلدیاتی اداروں کے لیے بااختیار نظام رائج کرنے جا رہے ہیں۔ حسان خاور نے یہ بھی کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف واحد قومی جماعت ہے جس کی نمائندگی تمام صوبوں میں ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا اور سندھ سے اور پیپلز پارٹی پنجاب اور خیبرپختونخوا سے ختم ہو چکی ہے جبکہ جمیعت علمائے اسلام (ف) کا پورے ملک میں کہیں سراغ نہیں۔ ایسی بکھری ہوئی اور غیر متحد اپوزیشن کے ہوتے ہوئے حکومت کو فکر مند ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی جامع بیانیے کی غیر موجودگی میں اور کرپشن میں لتھڑے اپوزیشن لیڈر احتساب عدالتوں کے باہر کھڑے ہو کر شرمندہ ہونے کی بجائے سیاسی بیان بازی سے کام چلا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیرِاعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے ایک نجی تعلیمی ادارے میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے منعقدہ ایک سیمینار میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات سے حاصل کردہ تجربات کی روشنی میں مستقبل کا لائحہ عمل طے کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  جنوبی پنجاب کو واپس سیاحتی ریڈار پر لانے کے حوالے سے کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے اشتراک سے کرتارپور کے ڈے ٹورز ترتیب دیئے جائیں گے۔ جس سے اس علاقے میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن