بلدیاتی اداروں کی مقررہ میعاد نہیں بڑھائی جا سکتی، ہا ئیکورٹ: در خواستیں مسترد
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس جواد حسن نے بلدیاتی اداروں کی معطلی کے 24 ماہ کو میعاد میں شامل کرنے کی درخواستوں پر فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالت نے درخواستیں ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیں۔ 17 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ قانون کے تحت بلدیاتی اداروں کی مقررہ میعاد نہیں بڑھائی جاسکتی ہے، درخواست گزاروں نے یکم جنوری 2017 کو اپنے پہلے اجلاس میں شرکت کی، یکم جنوری 2017 کو شروع ہونے والی میعاد 31 دسمبر 2021 کو ختم ہورہی ہے۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا عوامی نمائندوں کا مدت مکمل کرنا لازمی اور ضروری ہے، بلدیاتی ادارے 24 ماہ معطل رہے، سپریم کورٹ نے معطلی کی مدت کا عرصہ دینے کی ہدایت کی، ابھی تک حکومت نے عدالت کے حکم پر عمل درآمد نہیں کیا، استدعا ہے کہ عدالت بلدیاتی نمائندوں کی مدت میں 24 ماہ اضافہ کرنے کا حکم دے۔