مزید 2شہید،2ویب سا ئٹس ،20یو ٹیوب چینل بلاک: دہلی ، کشمیری نو جوان قتل
سرینگر/ نئی دہلی (کے پی آئی+ اے پی پی) بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران پلوامہ کے مزید 2 کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا ہے۔ نئی دہلی میں نامعلوم حملہ آوروں نے ایک 36 سالہ کشمیری کو قتل کردیا ہے۔ مقتول کی شناخت راہول ٹھاکر کے نام سے ہوئی۔ مالک مکان نے پولیس کو ٹیلی فون کر کے راہول کے قتل کے بارے میں آگاہ کیا۔ راہول نئی دہلی آرٹ گیلری میں کام کرتا تھا۔ دوسری جانب لائن آف کنٹرول کے بالاکوٹ سیکٹر میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک بھارتی فوجی زخمی ہو گیا ہے۔ اجیش کمار نامی اہلکار کو ادھمپور فوجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ جبکہ جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے بھارتی حلقہ بندی کمشن کی رپورٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندو اکثریتی خطے جموں کے لیے 6 اور مسلم اکثریتی وادی کشمیر کے لیے صرف ایک اضافی اسمبلی نشست کی سفارش سے انتخابی سیاست میں اکثریتی مسلم آبادی کے کردار کو کم کرنے کیلئے بی جے پی کے خطرناک عزائم ظاہر ہوتے ہیں۔ بھارت نے اظہار رائے کے حق کی سراسر خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیر سے متعلق دو ویب سائٹس کشمیر گلوبل اور کشمیر واچ اور 20 یوٹیوب چینلز کو بلاک کر دیا ہے۔ انفارمیشن سیکرٹری اپوروا چندرا کی طرف سے جاری کردہ دو الگ الگ احکامات میں یو ٹیوب اور ٹیلی کام کے محکمے سے کہا گیا کہ وہ ملک کے مفاد میں مذکورہ مواد تک رسائی کو روک دیں۔ جبکہ20 یوٹیوب چینلز میں دی پنچ لائن، انٹرنیشنل ویب نیوز، خالصہ ٹی وی، دی نیکڈ ٹروتھ، نیوز 24، 48 نیوز، فکشنل،ہسٹاریکل فیکٹس، پنجاب وائرل، نیا پاکستان گلوبل اور کور سٹوری شامل ہیں۔ ایوروچند نے بکواس کرتے کہا یہ چینلجز بھارتی سالمیت‘ دفاع کیلئے نقصان دہ ہیں۔