• news

جیلوں میں خالی اسامیوں پر بھرتی کا اعلان ، سا بق حکومتوں نے قیدیوں کو سہولتیں نہیں دیں: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ  عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں پریزن ریفارمز پیکیج پر عملدرآمد کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب کی جیلوں میں خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جیلوں میں خالی آسامیوں پر بھرتی کا عمل جلد شروع کیا جائے۔ بھرتیاں سو فیصد میرٹ پر ہوں گی۔ وزیراعلیٰ  نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جیلوں کے ہسپتالوں میں میڈیکل افسروں کی بھرتیاں جلد شروع کی جائیں۔ میڈیکل  افسروں کو علیحدہ کیڈر میں تعینات کیا جائے گا۔ عثمان بزدار نے پریزن ریفارمز پیکیج پر عملدرآمد مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومتوں نے قیدیوں کو سہولتیں دینے پر کوئی توجہ نہیں دی اور قیدیوں کے ساتھ ماضی میں سوتیلی ماں جیسا سلوک ہوتا رہا۔ ہماری حکومت نے قیدیوں کو ان کے بنیادی حقوق دینے کیلئے تاریخ ساز پریزن ریفارمز پیکیج دیا ہے۔ معمولی سزائوں کے قیدیوں کیلئے لیگل ایڈ کی فراہمی کا موثر طریقہ کار وضع کیا جائے۔  مختلف بیرکس میں بند رشتے دار قیدیوں کی ملاقات کرانے کے حوالے سے جامع لائحہ عمل بنایا جائے اور اس حوالے سے رشوت لینے کی شکایات کا خاتمہ کیا جائے۔ 15 روز بعد اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لوں گا۔ پریزن اینڈ پریزنر ایکٹ 2021 کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔ پروبیشن اینڈ پیرول ایکٹ 2021 کا مسودہ بھی جلد حتمی منظوری کیلئے کابینہ کو پیش کیا جائے گا۔ جیونائل جسٹس سسٹم رولز 2021 کا مسودہ بھی تیار کر لیا ہے۔ لاہور میں پریزن کمپلیکس بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم کی سربراہی میں مسیحی برادری کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے اقلیتی برادریوں کی فلاح وبہبود کیلئے ٹھوس اقدامات پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی قیادت میں پنجاب حکومت نے اقلیتی برادریوں کے لئے بے مثال اقدامات کیے ہیں۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے خصوصی کمشن بنایا جارہا ہے۔ مینارٹی رائٹس کمشن کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت نے رواں مالی برس اقلیتوں کیلئے بجٹ میں 5 گنا اضافہ کیا ہے۔ رواں مالی برس اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود کیلئے 2 ارب 50 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ عثمان بزدار نے معروف ماہر امراض خون ڈاکٹر طاہر شمسی‘ عالم دین مولانا یوسف اصلاحی‘ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور و چیف وہپ ملک عامر ڈوگر کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عثمان بزدار نے بابر کروز میزائل ون بی کے کامیاب تجربے پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن