بجلی بلوں میں اضافہ ناقابل برداشت ہے: ذکر اللہ مجاہد
لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ پٹرول کے بعد اب ہر ماہ بجلی کی قیمت میں اضافہ ناقابل برداشت ہے۔ بجلی کی قیمت میں4 روپے 33 پیسے کی منظوری کے بعد قوم پر 40 ارب روپے کا مزید بوجھ بڑھے گا۔حکومت بجلی کی قیمت میں مزید اضافہ سے باز رہے، عوام پہلے ہی مہنگائی اور بے روزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں۔ باکردار اور امانت و دیانت والی قیادت ہی ملک و قوم کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتی ہے۔جماعت اسلامی بلدیاتی اور قومی انتخابات میں اہلیان لاہورکو کرپشن سے پاک،باکردار قیادت دے گی۔ عہدیداران ، ذمہ داران ، کارکنان اورسیاسی ورکر زبلدیاتی و قومی انتخابات کی تیاری کیلئے ڈور ٹو ڈور رابطہ عوام مہم کوتیز کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان اقبال میں جماعت اسلامی لاہور کے سالانہ ممبر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سالانہ ممبر کنونشن میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم، امیر جماعت اسلامی و سطی پنجاب محمد جاوید قصوری، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد، نائب امرائ جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم، چوہدری محمود الاحد، ضیائ الدین انصاری، وقار ندیم وڑائچ، حاجی ریاض الحسن، ڈپٹی سیکرٹریز جماعت اسلامی لاہور عبدالحفیظ اعوان، احمد سلمان بلوچ، انجینئر حماد رشید،امرائ علاقہ جماعت اسلامی لاہور مرزا شعیب یعقوب، خالد احمد بٹ، عبدالعزیز عابد، سیف الرحمن، ڈاکٹر محمود احمد سمیت لاہور بھر کی قیادت اور ممبران جماعت نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کو اسلامی تعلیمات، اپنی تہذیب سے روشناس کروانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بچوں کی تربیت اور ان کے فکر اور اخلاق و معاملات کی اصلاح میں والدین کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔مغربی اور ہندو تہذیب وثقافت، الحاد و دہریت اور جنسی مساوات کے نام پر جنسی اخلاقیات کی پامالی کی آڑ میں نوجوان نسل کو ہدف بنایا جارہا ہے جس کا جماعت اسلامی ہر سطح پر راستہ روکے گی۔ تمام افراد کوشش کیجیے کہ بچے والدین کے ساتھ مل کر اجتماعی غوروفکر کی عادت کو اپنائیں اور اس طرح اپنے دماغوں کو قرآنی اخلاقیا ت اور پیغام سے منور کریں۔امیر لاہور نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں ایسے نظام کیلئے جدوجہد کررہی ہے جہاں یکساں نظام تعلیم، شرم و حیائ کا باوقار معاشرہ، ہر فرد کیلئے روز گار کی فراہمی اور قوم کو مافیا سے نجات دلاکرایک اسلامی پاکستان بنانا ہے۔ تمام کارکنان و ذمہ داران موجودہ غریب دشمن ظالم اور فرسودہ نظام کے خاتمہ کیلئے قرآن و سنت کے مطابق اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں اور آئندہ بلدیاتی اور قومی انتخابات کی تیاری کیلئے اپنی جدوجہد کو تیز کریں۔