میئر بنوں کیلئے دوبارہ گنتی کا حکم معطل ، بٹنیسی میں ری کا ئو نٹنگ پر جے یو آئی فا تح
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار، نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن نے میئر بنوں کی نشست پر دوبارہ گنتی کا حکم معطل کردیا۔ الیکشن کمشن نے جے یوآئی کے عرفان درانی کی درخواست پر عبوری حکم جاری کیا۔ ریٹرننگ افسر نے تمام پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا۔ وکیل جے یو آئی نے کہا کہ دس ہزار سے کم مارجن پر ہی دوبارہ گنتی ہوسکتی ہے۔ بعدازاں الیکشن کمشن نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ ہفتے طلب کرلیا۔ دوسری طرف لکی مروت کی تحصیل سب ڈویژن بیٹنی میں ری کائونٹنگ کے بعد تحصیل چیئرمین کے الیکشن کا نتیجہ تبدیل ہوگیا۔ دوبارہ گنتی میں جمعیت علماء اسلام کے مولانا انور بادشاہ 1021 ووٹ لے کر تحصیل چیئرمین منتخب ہوگئے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے نور گل 647 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ تحصیل میں الیکشن کے بعد امیدواروں کے حامیوں کے احتجاج پر ریٹرننگ آفیسر نے دوبارہ گنتی کے احکامات جاری کیے تھے۔ علاوہ ازیں الیکشن کمشن نے تحصیل بکا خیل میں پولنگ سٹیشنز پر حملوں، بدامنی اور پری پول دھاندلی سے متعلق کیس میں صوبائی وزیر شاہ محمد، ان کے بیٹے اور بھائی کو نوٹس جاری کردیا۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے تحصیل بکا خیل میں بدامنی اور پری پول دھاندلی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ سما عت کے دوران ڈی آر او، آر او، ڈی پی او سمیت الیکشن کمشن کے حکام پیش ہوئے۔ جے یو آئی امیدوار کے وکیل کامران مرتضی بھی پیش ہوئے۔ الیکشن کمشن نے 17 تا 18 دسمبر کے دوران آر او، ڈی آر او، ڈی پی او کے ٹیلیفون کالز کا ریکارڈ مانگ لیا۔ کامران مرتضی نے کہا کہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ان کے بھائی اور بیٹے نے انتخابی مواد چرایا جبکہ ایف آئی آر میں ان کا نام شامل نہیں کیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ ملزمان کو بچانے والا نہیں بچے گا۔ معاملہ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، انتہا ہوگئی، خواتین سمیت دیگر پولنگ عملہ کو اغوا کیا گیا۔ پوری تحصیل بکا خیل میں پولنگ ملتوی کر دی۔ چیف الیکشن کمشنر نے ڈی پی او بنوں کی سرزنش کی۔ ڈی پی او نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے پولنگ سٹیشنز پر حملہ کیا، ایف آئی آر درج کی گئی ہے، ابھی تک 18 لوگوں کو گرفتار کر کے تفتیش کی جا رہی ہے۔ الیکشن کمشن نے صوبائی وزیر شاہ محمد، ان کے بیٹے اور بھائی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 28 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ دریں اثناء پہاڑ پور ڈی آئی خان کے نومنتخب تحصیل چیئرمین پر دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق پیپلزپارٹی کے مخدوم الطاف پر سیدکباں پولنگ سٹیشن پر فائرنگ کا الزام ہے۔ مقدمے میں مخدوم الطاف کے بیٹے شانی شاہ اور دیگر 4 افراد بھی نامزد ہیں۔ مخدوم الطاف نے ضمانت قبل ازگرفتاری کروا لی۔ مخدوم الطاف نے الزام لگایا ہے کہ حکومتی امیدوار کو شکست دینے پر انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا۔ مجھ پر فائرنگ کی گئی اور میرے خلاف ہی مقدمہ درج کرلیا گیا۔ آئی جی خیبر پی کے سے انکوائری کا مطالبہ کرتا ہوں۔