طاہر اشرفی‘ طارق جمیل کی سری لنکن ہائی کمشنر سے ملاقات
اسلام آباد (خبر نگار) وزیراعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی حافظ محمد طاہر اشرفی اور عالم دین مولانا طارق جمیل نے سری لنکا کے سفیر سے ملاقات کی، سیالکوٹ واقعہ پر اظہار مذمت کیا۔ مولانا طارق جمیل نے کہا کہ ہمارا دین ایسے واقعات کی اجازت نہیں دیتا، واقعہ پر معذرت خواہ ہیں۔ وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی طاہر اشرفی اور مولانا طارق جمیل نے اسلام آباد میں سری لنکا کے سفیر سے ملاقات کی جس میں سانحہ سیالکوٹ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے واقعہ کو انسانیت سوز قرار دیا۔ مولانا طارق جمیل نے سری لنکا کے سفیر سے واقعہ پر معافی مانگی۔ میڈیا سے گفتگو میں مولانا طارق جمیل نے کہا کہ اسلام کا نام سلامتی ہے ایمان کا مطلب امن ہے۔ اسلام محبت کا درس دیتا ہے۔ حضورﷺ کا فرمان ہے ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔ بے گناہ کو قتل کرنے والے سزا کے مستحق ہیں۔ سر لنکن سفیر کو کہا ہم معافی مانگنے آئیں ہیں۔ عوام سے درخواست کرتا ہوں حضورﷺ کی سیرت پڑھو۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ فیکٹری انتظامیہ نے ان کے دو بچوں کے تمام اخراجات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اور فیکٹری میں سری لنکا کے شہری کو بھی نوکری دی گئی ہے۔ سری لنکا کے سفیر نے انکی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سر لنکن حکومت پاکستان حکومت کی جانب سے لیے گئے اقدامات پر مکمل مطمئن ہے۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ میں سری لنکن ہائی کمشنر اور ان کے توسط سے سری لنکن قوم سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتا ہوں۔