پاکستان‘ چین سے تنازعات کا سبب بھارت کی توسیع پسندانہ پالیسیاں: چینی سکالر
بیجنگ (اے پی پی) چین کے سابق دفاعی اتاشی پروفیسر چینگ شزہونگ نے چین اور پاکستان کے ساتھ مسلح تنازعات کی وجہ بھارت کے جارحانہ اقدامات اور خطے میں توسیع پسندانہ پالیسیوں کوقرار دیا ہے۔ ایک بیان میں کہا کہ بھارت کا ماننا ہے کہ وہ روس کے ایس۔ 400 فضائی دفاعی میزائل سسٹم کے ساتھ پاکستان اور چین کی طرف سے فضائی خطرات کا موثر طریقے سے مقابلہ کر سکتا ہے۔ درحقیقت یہ ایک فرضی فضائی خطرہ ہے کیونکہ پاکستان اور چین کبھی دوسرے ممالک پر حملہ نہیں کرتے۔ جنگ کے نتائج کا انحصار ہتھیاروں پر نہیں ہتھیار چلانے والوں اور انصاف پر ہوتا ہے ۔ اس لیے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ بھارت کے پاس کس حد تک جدید ترین ہتھیار اور سازوسامان ہیں۔ جب تک بھارت اپنی توسیع پسندانہ پالیسی، علاقائی بالادستی کے عزائم اور انتہا پسندی کو ترک نہیں کرتا وہ اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ لڑائی میں شکست سے ہی دوچار ہوگا۔