• news

ہاتھ ہٹا تو بلدیاتی الیکشن میں انجام سب نے دیکھ لیا: فضل الرحمان 

 اسلام آباد (خبر نگار) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے خیبر پی کے کے غیرت مند عوام، جماعتی ورکروں، عہدیداران اور تمام امیدواران کو بہت مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ محنت اس ناجائز حکمرانی کے قلعے کی آخری اینٹ کے نکالے جانے اور اس ملک کو واپس ایک اسلامی اور جمہوری ملک بنانے تک  جدوجہد جاری رہے گی۔ کارکنان کے نام اپنے پیغام میں مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ خیبر پی کے کے غیرت مند عوام، جماعتی ورکروں، عہدیداران اور تمام امیدواران کو بہت مبارک ہو۔ دریں اثناء اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پشاور میں ایم این اے‘ ایم پی اے‘ بیوروکریسی ان کی تھی لیکن قوتوں نے ہاتھ ہٹایا تو بلدیاتی انتخابات میں انجام سب نے دیکھ لیا۔ جہاں اسلام کی بات آئے وہاں انتہا پسند کہہ دیا جاتا ہے۔ ہم جمہوری لوگ ہیں اور ملک کو مستحکم کرنے کی بات کرتے ہیں۔ آپ ٹھیک ہو جائیں ہم تو ٹھیک ٹھاک ہیں۔  ان کا کہنا تھا کہ ہم کہتے  تھے حکومتیں تمام دھاندلی کی پیداوار ہیں۔ پشاور میں ایم این اے ‘ایم پی اے اور بیوروکریسی ان کی تھی لیکن تھوڑا سا ہاتھ ہٹایا گیا تو حشر نشر سب کے سامنے ہے۔ خیبر پی کے میں بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے بعد مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو مبارکباد دی ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے مبارکباد دینے پر میاں نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ مولانا فضل الرحمان آج دو روزہ دورہ پر کراچی  پہنچیں گے۔ مرکزی ترجمان اسلم غوری کے مطابق مولانا فضل الرحمان بطور مہمان خصوصی پی ڈی ایم سندھ کے صوبائی اجلاس میں  24 دسمبر کو شرکت کریں گے۔ فضل الرحمان سے افغان وزیر تعلیم ملا عبدالباقی حقانی نے ملاقات کی۔  دونوں رہنماؤں میں خطہ کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی نے ہمیشہ امارت اسلامی کے سیاسی موقف کی حمایت کی۔ اللہ کی مدد سے امارت اسلامی کی جدوجہد بالآخر کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ مولانا نے اس موقع پر کہا کہ جے یو آئی کا موقف ہے کہ عالمی دنیا کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ  امارت اسلامی کی حکومت قبول کرے اور ان کی ہر ممکن امداد کرے۔

ای پیپر-دی نیشن