• news

سیکرٹری سارک کی ملاقات: مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے موثر حکمت عملی کی ضرورت: شاہ محمود

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) جنوب ایشیائی ممالک کی علاقائی تعاون کی تنظیم سارک (SAARC) کے سیکرٹری جنرل ایسالا رووان ویراکون نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل سارک کے ساتھ سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ سیکرٹری جنرل سارک کو یقین دلایا کہ حکومت پاکستان اس بہیمانہ واقعہ کے ذمہ داران کو کیفرکردار تک پہنچائے گی۔ پاکستان، سارک کے بانی رکن ہونے کے ناطے، علاقائی تعاون اور روابط کے فروغ کیلئے سارک کے متحرک اور فعال کردار کا متقاضی ہے۔ سارک ممبر ممالک کے درمیان تجارتی روابط کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ جن سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان، سارک کے ممبر ممالک کے درمیان زمینی، ہوائی اور آبی روابط کو بڑھانے کی حمایت کرتا ہے۔ سارک پلیٹ فارم سے وبائی صورتحال، موسمیاتی تبدیلیوں، غذائی تحفظ جیسے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جامع اور مئوثر حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔ آئی این پی کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں اللہ نے پاکستان کو ایک تاریخی، سفارتی کامیابی سے نوازا ہے۔ آج پاکستان، اپنی مئوثر سفارت کاری کی وجہ سے پوری دنیا کا مرکز بن چکا ہے۔ وزیر خارجہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیرمعمولی اجلاس  کا دنیا بھر میں مئوثر تشہیر پر وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور ان کی خدمات کو سراہا۔ بدھ کو وزیر خارجہ، فواد حسین چوہدری، وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب اور وزارتِ اطلاعات کے سینئر افسروں کے اعزاز میں چائے کا اہتمام کیا۔ طاہر اشرفی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن