• news

پاکستان اور ایشیائی بنک میں ڈیڑھ ارب ڈالر کے 6معاہدوں پر دستخط

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بنک نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات، سماجی تحفظ، شہری بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر، شاہرات  اور آبی وسائل  میں تعاون کیلئے ایک ارب، 54 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے 6 مالیاتی معاہدوں پر دستخط کردئیے۔ اقتصادی امور ڈویژن کے سیکرٹری میاں اسد حیاء الدین اور ایشیائی ترقیاتی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر یانگ یی نے   مالیاتی معاونت کے ان معاہدوں  پر دستخط کیے۔ وفاقی وزیر  اقتصادی امور عمر ایوب خان  بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ان معاہدوں میں پاکستان کے توانائی کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے مالیاتی، تکنیکی اور گورننس اصلاحات میں مدد کے لیے 300 ملین امریکی ڈالر کا پالیسی پر مبنی قرض شامل ہے۔ جن معاہدوں پر دستخط کئے گئے ہیں ان میں خیبر پختونخوا کے پانچ شہروں میں شہری بنیادی ڈھانچہ کو بہتر بنانے کے لیے 385 ملین  ڈالر کا فنانسنگ معاہدہ، انڈس ہائی وے  کے  222  کلومیٹر طویل شکار پور، راجن پور سیکشن کو دو رویہ  بنانے کے لیے 235 ملین امریکی ڈالر کا پراجیکٹ لون، احساس پروگرام کو تقویت  اور وسعت دینے کے لیے 603 ملین امریکی ڈالر کے نتائج پر مبنی قرضہ پروگرام، کرم تنگی انٹیگریٹڈ واٹر ریسورسز ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کیلئے پانچ ملین ڈالر کا معاہدہ اور خیبرپختونخوا سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پروجیکٹ فیز  (II 15ملین امریکی ڈالر  کی تیاری کے لیے دو پراجیکٹ ریڈی نیس فیسیلٹیز کے معاہدے شامل ہیں۔ وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات، سڑکوں کے نیٹ ورک کو بہتر بنانے اور سماجی تحفظ  کو وسعت دینے کیلئے  مسلسل معاونت پر بنک کے  صدر، سینئر مینجمنٹ اور بنک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا شکریہ ادا کیا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر  شاکسین چن نے کوویڈ۔ 19 کی عالمگیر وبا سے پیدا ہونے والی مشکل صورتحال کے باوجود پاکستان کی حکومت کی جانب سے جامع اقتصادی، مالی اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے نفاذ میں پیش رفت کو سراہا۔

ای پیپر-دی نیشن