• news

افغانستان میں انسانی تباہی کو روکنے کیلئے مخلصانہ کو ششوں کی ضرورت: آرمی چیف 

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) رائل بحرین نیول فورس کے کمانڈر ریئر ایڈمرل محمد یوسف العصام نے بدھ کو جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو برقرار رکھنے کا خواہاں ہے اور بحرین کے ساتھ طویل مدتی اور کثیر المقاصد پائیدار تعلقات چاہتا ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ افغانستان کے بارے میں عالمی اتحاد اور انسانی تباہی کو روکنے کے لیے مخلصانہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے افغانستان میں امن اور مفاہمت کے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔ معزز مہمان نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار، بارڈر مینجمنٹ کے لیے خصوصی کوششوں اور علاقائی استحکام میں پاکستانی کردار کو بھی سراہا۔ دریں اثناء سربراہ رائل بحرین نیول فورس ریئر ایڈمرل محمد یوسف العصام نے بدھ کو سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں معززین نے پیشہ ورانہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ریئر ایڈمرل محمد یوسف العصام نے پیشہ ورانہ مہارت اور ایوی ایشن انڈسٹری میں خود انحصاری کی طرف گامزن پاک فضائیہ کی تعریف کی۔ ایئر چیف نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے مابین دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ قائم ہے جو دونوں فضائی افواج کے مابین مضبوط روابط کا مظہر ہے۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

ای پیپر-دی نیشن