• news

فواد چودھری ، اعظم سواتی کو معافی، بلاول سمیت پیپلز پارٹی  رہنمائوں کے جر مانے ختم 

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+  آئی این پی) الیکشن کمشن نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی کی معافی قبول کر لی۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمشن کے ممبر سند ھ نثار درانی اور ممبر بلوچستان شاہ محمد نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی کے خلاف سنگین الزامات عائد کرنے پر سماعت کی۔ الیکشن کمشن میں سماعت کے دوران وفاقی وزیر ریلو ے اعظم سواتی خود پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران ممبر سند ھ نثار درانی نے کہا کہ  اعظم سواتی صاحب آپ مصروف آدمی ہیں پیش کیوں نہیں ہوتے، آپ پر ذمہ داری زیادہ ہے، تمام ادارے آپ کے ہیں، انہیں برا بھلا کہنا درست نہیں ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہا کہ انہوں نے الیکشن کمشن کو خودمختار بنانے کیلئے ہمیشہ آواز اٹھائی ہے۔ بعدازاں الیکشن کمشن نے  وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی کی معافی قبول کرتے ہوئے دونوں کو آئندہ محتاط رہنے کی ہدایت کر دی۔ واضح رہے کہ الیکشن کمشن میں 3دسمبر کو ہونے والی سماعت میں وفاقی وزیر فواد چوہدری کی معافی پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جبکہ وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی کی جانب سے معافی نامہ جمع کروایا گیا تھا۔ آئی این پی کے مطابق  الیکشن کمشن کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعظم سواتی نے کہا کہ ان کی معذرت قبول کرنے پر الیکشن کمشن کا شکریہ ادا کرتا ہوں، الیکشن کمشن کو ہر لحاظ سے طاقتور کیا جائے گا، حکومت الیکشن کمشن کو مستحکم کرنے کے لیے ساتھ کھڑی ہوگی، ای وی ایم کے ذریعے ووٹ کے تقدس کی حفاظت کی جائے گی، اس حوالے سے الیکشن کمشن اچھے فیصلے کرنے والا ہے۔ دوسری جانب الیکشن کمشن نے بلاول بھٹو سمیت دیگر پر عائد جرمانہ ختم کر دیا۔  الیکشن کمشن نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور ان کی جماعت کے دیگر 6 رہنماؤں کے  خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف وزری کا کیس نمٹا دیا، الیکشن کمشن نے تمام نامزد ملزمان کے خلاف نوٹس پر تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے، جس کے مطابق تمام افراد پر عائد جرمانہ ختم کردیا گیا ہے۔ الیکشن کمشن کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر نے کوئی فیصلہ دیا نہ معاملہ الیکشن کمشن کو بھجوایا، بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر فریقین نے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرادی ہے، جس پر الیکشن کمیشن نے بلاول بھٹو سمیت دیگر پر جرمانہ ختم کردیا ہے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمشن آف پاکستان نے خیبر پی کے میں بلدیاتی انتخابات کے لئے بنائے گئے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، خورشید شاہ، سعید غنی اور مراد علی شاہ سمیت دیگر پر 50 ہزار فی کس جرمانہ عائد کیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن