• news

اومیکرون: کراچی میں 6نئے مشتبہ کیس، پہلا جرمن ہلاک ، یورپی شہریوں پر نئی پابندیاں

اسلام آباد (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی+ شہنوا)  ’اومیکرون‘ کے کراچی میں مزید 6 مشتبہ کیسز سامنے آگئے۔ محکمہ صحت کے ذرائع  کے مطابق شہر قائد میں کرونا وائرس کے نئے ویرینٹ ’اومیکرون‘ کے مزید 6 مشتبہ کیسز سامنے آگئے، تمام افراد کے نمونے نجی ہسپتال پہنچا دیئے گئے ہیں اور تصدیق کے لئے جینوم سیکوئنسنگ شروع کردی گئی ہے۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ 4 افراد جنوبی افریقہ اور 2 برطانیہ سے کراچی پہنچے ہیں۔ ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید دو افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 24  گھنٹوں کے دوران 359 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔  برطانیہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پہلی بار 1 لاکھ 6 ہزار 122 کرونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے، یہ  اب تک کا بلند ترین گراف ہے۔ برطانیہ سمیت مختلف ممالک نے نئی پابندیاں عائد کردیں۔ وبا کے سبب مختلف ممالک میں کرسمس کی خوشیاں ماند پڑ گئیں۔ برطانیہ میں یومیہ کیسز ایک لاکھ سے تجاوز کر گئے، اومیکرون ویرینٹ سے متاثرہ افراد کی تعداد ساٹھ ہزار سے تجاوز کر گئی۔ وزیر اعظم بورس جانسن نے بھی کرسمس سے قبل نئی پابندیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ ادھر سپین میں گھر سے باہر ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا۔ جرمنی میں سماجی تقریبات دس افراد تک محدود کر دی گئیں۔ نیدرلینڈز میں غیر معینہ مدت تک کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔ پْرتگال اور فِن لینڈ میں ریسٹورنٹس میں ڈائن اِن کو محدود کر دیا گیا ہے۔ فرانس میں پانچ سے گیارہ سال کے عمر کے بچوں کو ویکسین لگانے کی منظوری دے دی گئی۔ جرمنی میں اومیکرون ویرینٹ سے پہلی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی۔ جرمن طبی ادارہ کے مطابق جرمنی  میں اومیکرون ویرینٹ کے 81 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اومیکرون کیسز کی مجموعی تعداد 3198 ہو گئی ۔ چین کے شمال مغربی صوبے شانشی کے دارالحکومت شی آن میں کوویڈ۔ 19 کی تازہ لہر کو پھیلنے سے روکنے کیلئے شہر بھر میں جمعرات سے لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن