عالمی بنک پاکستان کو 19کروڑ 50لاکھ ڈالر قرض دے گا ، معاہدے پر دستخط
اسلام آ باد (نمائندہ خصوصی) پاکستان اور عالمی بنک کے درمیان معاہدہ طے پا گیا جس کے تحت عالمی بنک پاکستان کو19 کروڑ 50 لاکھ ڈالر قرض دے گا۔ معاہدے پر سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن میاں اسد حیاء الدین نے دستخط کئے۔ ورلڈ بنک کے آپریشنز منیجر انجم احمد نے ورلڈ بنک کی جانب سے معاہدوں پر دستخط کئے گئے جبکہ حیسکو، میپکو اور پیسکو کے نمائندوں نے منصوبے کے معاہدوں پر دستخط کئے۔ عالمی بنک کے مطابق پاکستان کو قرض کے لیے منظور کی گئی رقم توانائی کے شعبے میں بہتری کے لئے استعمال کی جائے گی۔ منصوبے کے تحت حیسکو، میپکو اور پیسکو کی آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ یہ منصوبہ پاور ڈویژن کو نیشنل الیکٹرسٹی پالیسی 2021 کے تحت پاور سیکٹر میں اصلاحات کے نفاذ میں بھی معاونت کرے گا۔ سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نے جامع اور پائیدار اقتصادی ترقی کے فروغ کیلئے مسلسل تعاون فراہم کرنے پر عالمی بنک کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔اس منصوبے کا مقصد حیدر آباد، ملتان اور پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کے دائرہ اختیار میں آنے والے کچھ مخصوص علاقوں میں ان کی استعداد کار میں اضافہ کرنا اور بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے ایجنڈے پر کام کرنا ہے۔ الیکٹرسٹی ڈسٹری بیوشن ایفیشنسی امپروومنٹ پراجیکٹ کا مقصد نئے گرڈ سٹیشنز کی تعمیر، پرانے گرڈ سٹیشنز میں بہتری اور ٹرانسمیشن لائنز میں بہتری سے ان 3 تقسیم کار کمپنیوں کے کام میں بہتری لانا اور تکنیکی نقصانات کو کم کرنے کے لیے سرمایہ کاری کی حمایت کرنا ہے۔