• news

خفیہ ملاقاتیں نہیں کرتا ، کلب ہاؤس ، فائیو سٹار ہوٹل بنائیں گے : رمیز راجہ 

لاہور (سپورٹس رپورٹر)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے کہاہے کہ قائداعظم ٹرافی کی فائنلسٹ ٹیموں کو ہوٹل سے نکالے جانے کی انکوائری شروع کر دی ہے۔ رات کو علم ہوا کہ قائد اعظم ٹرافی کی فائنلسٹ ٹیموں کے کھلاڑیوں کو ہوٹل باہر نکال دیا گیا ہے تو بہت افسوس ہوا۔ پی سی بی کے بے شمار پلانز ہیں لیکن پلانز  پر عملدرآمد کیلئے کمرشل مضبوطی کی ضرورت ہے۔سٹیڈیم کے اطراف خالی جگہ پر کلب ہاؤس، فائیو سٹار ہوٹل بنانا چاہتے ہیں۔ 11 سال کے بچے کو ٹیسٹ کرکٹر بنانے پر بھی کام کرنا ہے۔ ٹیسٹ کرکٹر عابد علی کی طبیعت کا سن کر دھچکا لگا تھا۔ عابد علی بہتر محسوس کر رہے ہیں وہ پاکستان ٹیم کے سکواڈ کا حصہ ہیں جلد صحتیاب ہوکرکھیلنا شروع کریں گے۔ میں گراونڈ سے جڑا ہوا بندہ ہوں، کسی بھی قسم کی خفیہ ملاقاتیں نہیں کرتا۔انہوں نے کراچی میں کاروباری شخصیت عقیل کریم ڈھیڈی سے ملاقات کی اور کرکٹ پروموشن کیلئے مختلف آپشنز پر گفتگو کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ پیسوں کی سخت ضرورت ہے، نیشنل سٹیڈیم کراچی کی حالت بہت خراب، چیمپئنزٹرافی سے پہلے سٹیڈیم کی تزئین وآرائش اولین ترجیح ہے۔ کرکٹ میں بہتری لانے کیلئے کوشاں ہیں، جونیئرکرکٹرز کیلئے پلاننگ کر رہے ہیں، غریب کے بچوں کو سپرسٹار بنائیں گے، ٹیکنیکل کام جونیئرسطح پرہی ہو سکتا ہے۔عقیل کریم ڈھیڈی نے کہا کہ نیشنل سٹیڈیم کو کلب ہاؤس بنائیں گے جبکہ سٹیڈیم کے قریب ٹیموں کیلئے ہوٹل بھی قائم کیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن