حضرت محمدﷺ کی شان میں گستاحی مذ ہبی آزادی کی خلاف ورزی: پیوٹن
اسلام آباد+لاہور ( خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+خصوصی نامہ نگار) روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا ہے کہ پیغمبر اسلامﷺ کی شان میں گستاخی آزادی اظہار نہیں ہے۔ روسی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پیوٹن نے اپنی سالانہ نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ پیغمبرﷺ کی توہین مذہبی آزادی کی خلاف ورزی اور مسلمانوں کے جذبات کی خلاف ورزی ہے۔ پیوٹن نے عام طور پر فنکارانہ آزادی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کی اپنی حدود ہیں اور ان کی آزادی کی خلاف ورزی کرنا بھی کسی طور درست نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ روس ایک کثیر النسلی اور کثیر الاعتقادی ریاست کے طور پر تیار ہوا ہے اور ہم ایک دوسرے کی روایات کا احترام کرنے کے عادی ہیں، مگر کچھ دوسرے ممالک اس چیز کو پس پشت ڈال دیتے ہیں۔ متنازعہ فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو پر حملے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے روسی صدر نے کہا کہ ایسی حرکتیں انتہا پشندی کی طرف لے جاتی ہیں۔ دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے پیغمبر اسلام ﷺ کی توہین سے متعلق آزادی اظہار کے بیان کا خیر مقدم کرتا ہوں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے لکھا کہ میں صدر پیوٹن کے اس بیان کا خیرمقدم کرتا ہوں جو میرے اس پیغام کی تصدیق کرتا ہے کہ ہمارے نبی پاک ﷺ کی توہین "آزادی اظہار" نہیں ہے۔ ہم مسلمانوں کو خصوصاً مسلم رہنماؤں کو اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کے لیے اس پیغام کو غیر مسلم دنیا کے رہنماؤں تک پہنچانا چاہیے۔ دوسری طرف امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے ٹویٹر پر لکھا کہ روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کا یہ بیان کہ نبی کریمﷺ کی شان اقدس میں گستاخی اظہارِ رائے کی آزادی یا فن کا اظہار نہیں ہے، عالم اسلام کے اس موقف کی تائید ہے کہ حضورﷺکی حرمت و تقدس آفاقی ہے جس پر ہم انکو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ بیان عالم اسلام کے اس موقف کی تائید ھے کہ حضور صلی اللہ علیہ کی حرمت و تقدس آفاقی ھے جس پر ھم انکو خراج تحسین پیش کرتے ھیں۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے مولانا فضل الرحمان کے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ کھلے دل کے ساتھ مسلم اْمّہ کے اس لیڈر کا بھی شکریہ ادا کریں جس نے نبی کریم ﷺ کی شان اقدس کی حرمت کا مدعا پوری دنیا کے سامنے رکھا اور آج روسی صدرولادی میر پیوٹن جیسے عالمی رہنما عمران خان کی ان کاوشوں کے نتیجے میں اس مسئلے پر دو ٹوک رائے دے رہے ہیں۔کھلے دل کے ساتھ مسلم اْمّہ کے اس لیڈر کا بھی شکریہ ادا کریں جس نے نبی کریم ﷺ کی شان اقدس کی حرمت کا مدعا پوری دنیا کے سامنے رکھا اور آج ولادیمیر پوٹن جیسے عالمی رہنما عمران خان کی ان کاوشوں کے نتیجے میں اس مسئلے پر دو ٹوک رائے دے رہے ہیں ۔ مشیر داخلہ شہزاد اکبر نے ٹویٹر پر لکھا کہ بلا شبہ وزیراعظم عمران خان نے عالمی سطح پہ اسلاموفوبیا کے خلاف مقدمہ لڑا اور آج اس بات کے حق میں اٹھنے والی آواز عمران خان کی اپروچ پہ مہر تصدیق ثبت کر رہی ہے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کے بیان کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا رسالت اور اسلاموفوبیا کے اہم مسئلے پر دیگر عالمی رہنماؤں کو بھی یہ مؤقف اختیار کرنا چاہیے۔ نبی کریمؐ اور تمام انبیاء کی توہین کے خلاف بین الاقوامی سطح پر قانون سازی وقت کی ضرورت ہے۔