• news

جنرل اسمبلی میں غلط معلومات کے تدارک کیلئے پاکستانی قرارداد منظور‘ تاریخی کامیابی‘ دفتر خارجہ 

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے تحفظ و فروغ کے لئے غلط اطلاعات کے تدارک کی پاکستان کی تاریخ ساز قرارداد  اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے متفقہ طورپر منظور کرلی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے تحفظ وفروغ کے لئے ’’غلط اطلاعات کا تدارک‘‘ کے عنوان سے پاکستان کے تعاون سے پیش ہونے والی قرارداد نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے متفقہ طورپر منظور کرلی۔ پاکستان نے یہ اقدام دنیا بھر میں غلط اطلاعات کے بڑے پیمانے پر پھیلائو کے تناظر میں اٹھایا۔ غلط اطلاعات کے پھیلائو سے معاشرے میں فساد پھیل رہا ہے اور امتیازی رویے، یہ قرارداد انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں پر ’آن لائن پلیٹ فارمز‘ اور سوشل میڈیا کے ذریعے غلط اطلاعات کے تیزی سے پھیلائوکے منفی اثرات کو اجاگر کرتی ہے۔  قرارداد میں ایسی غلط اطلاعات کے پھیلائوکا تدارک اور روک تھام کے لئے ریاست کے ذمہ دار ہونے کی توثیق کی گئی ہے جو ریاستوں میں امن اور تعاون کے فروغ پر ضرب لگانے کا باعث بنتی ہیں، ان میں خاص طور پر وہ مہمات شامل ہیں جن کے ذریعے ریاستوں اور اقوام کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن