لٹیروں کو کٹہرے میں لانے کیلئے وسائلاستعما ل کر رہے ہیں: چیئرمین نیب
اسلام آباد (نامہ نگار) احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو وائٹ کالرکرائم اور میگا بدعنوانی کے مقدمات کو اولین ترجیح دے رہی ہے، جنہوں نے ملک اور قوم کے اربوں روپے لوٹے انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کیلے تمام وسائل بروے کار لائے جارہے ہیں۔ نیب ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلے سنجیدہ کاوشیں کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بدعنوانی کا خاتمہ آج پوری قوم کی آواز ہے کیونکہ کرپشن ملکی ترقی کی راہ میں نہ صرف بڑی رکاوٹ ہے بلکہ مستحق لوگوں کو ان کے حق سے بھی محروم کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیب نے احتساب سب کے لئے کی پالیسی کے تحت ایک جامع حکمت عملی مرتب کی جس میں آگاہی ، تدارک اور انفرسمنٹ شامل ہیں ۔ دیگر نیب کی کامیابیوں میں ایک جدید فرانزک سائنس لیبارٹری کا راولپنڈی میں قیام ،پاکستان انٹی کرپشن ٹریننگ اکیڈمی کا نیب ہیڈکوارٹر میں قیام شامل ہے ، یہ اکیڈمی تفتیشی افسران کو جدید ٹیکنالوجی اور آلات کے ذریعے مقدمات کی تفتیش کی تربیت فراہم کرے گی تاکہ وائٹ کالر کرائم کا خاتمہ کیا جاسکے ۔ چیئرمین نیب نے کہاکہ قومی احتساب بیورو دوسروں کے احتساب کے ساتھ ساتھ خود احتسابی پر بھرپور یقین رکھتی ہے ،نیب کرپشن اور بدعنوانی کے میگاکیسز کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہے ۔