• news

پریشان ہیں‘ اس وقت ملک خدا ہی چلا رہا ہے: تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین

چناب نگر‘ چنیوٹ (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا کہ ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے۔ رجوعہ سادات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ان خیالات کا اظہار کیا۔ جہانگیر ترین چنیوٹ کے علاقہ رجوعہ سادات میں سابق وفاقی وزیر سید محمد علی شاہ کے بیٹے  کرنل (ر) عاصم علی شاہ کے انتقال پر لواحقین سے افسوس کے لئے گئے جہاں سابق چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی و وزیر ریلوے سردار محمد علی شاہ اور سابق پارلیمانی سیکرٹری وصوبائی وزیر خوراک سردار محمد طاہر شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت تباہ ہوچکی ہے‘ اسے بہت سے مسائل درپیش ہیں۔ حکمرانوں کو چاہیے کہ عوام کو مزید ذلیل ہونے سے بچائیں اور ملکی معیشت کو بہتر کرنے میں کردار ادا کریں۔ عوام جتنی مشکلات میں اب ہے پہلے کبھی نہیں تھی۔ ملک آئے روز مسائل میں گھرتا جارہا ہے۔ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن میں پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پہلے الیکشن کا اعلان تو ہو‘ ابھی اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ عمران خان کی پالیسیوں پر سوال پر ان کا کہنا تھا کہ مجھ سے بہتر میڈیا جانتا ہے کہ وہ پالیسیاں کس حدتک کامیاب ہیں۔ مزید ا س پر کوئی کمنٹ نہیں کرنا چاہتا۔ نجی گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ پریشان ہیں‘ اس وقت ملک خدا ہی چلا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2002میں قومی اسمبلی میں سردار محمد طاہر شاہ ان کے ساتھی تھے۔ اس وقت سے اس گھرانے سے تعلق ہے جو ابھی تک نبھا رہے ہیں۔ ذاتی حیثیت سے یہاں آیا ہوں۔ افسوس ہوا کہ اس حلقے سے کھڑے ہونیوالے پی ٹی آئی کے امیدوار کے بھائی کا انتقال ہوا ہے اور پی ٹی آئی کی قیادت میں سے کوئی بھی نہیں آیا۔ پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے ہر کارکن کے دکھ سکھ میں شامل ہونا چاہیے۔ جہانگیر ترین کے ہمراہ پنجاب اسمبلی کے ممبران میں سے سعید احمد، اسلم بھروآنہ اور صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال بھی تھے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ ان کی آمد پر ہیلی پیڈ تیار کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن