کرونا، 4 اموات ، بھارتی عدالت کا ریاستی الیکشن ملتوی کرنے کا حکم
اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان میں کرونا وائرس کی چوتھی لہر کی شدت کم ہو رہی ہے، اس کے کیسز کے بعد اب اموات میں بھی کمی آ رہی ہے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 322کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 4 افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 197مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 0اعشاریہ 67فیصد پر آ گئی۔ پاکستان بھر میں اب تک 28 ہزار 898 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 92 ہزار 728 ہو چکی ہے۔ ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کرونا وائرس کے 9 ہزار 529 مریض زیر علاج ہیں، جن میں سے 652 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 12 لاکھ 54 ہزار 301 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔ پاکستان میں اموات کی مجموعی تعداد 28 ہزار 898 ہو گئی۔ جبکہ تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 12 لاکھ 92 ہزار 728 ہو گئی۔ ایک بھارتی عدالت نے کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے پھیلاؤ کے تناظر میں وزیراعظم نریندر مودی سے کہا ہے کہ وہ ریاستی انتخابات کو فی الحال ملتوی کر دیں۔ عدالت کے مطابق سیاسی ریلیوں اور انتخابی مہم کی وجہ سے اومیکرون سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ جرمن طبی حکام نے خبردار کیا ہے کہ تین ہفتوں کے اندر اندر اومیکرون ملکی نظام صحت کو شدید متاثر کر سکتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمنی میں متعدی امراض کے روک تھام کے وفاقی ادارے رابرٹ کوخ انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ لوتھر ویلر نے عوام سے درخواست کی کہ کرسمس کے موقع پر کوووڈ انیس کی نئی قسم اومیکرون تیزی سے پھیل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس انداز میں اومیکرون پھیل رہا ہے، اسے دیکھتے ہوئے خدشات ہیں کہ اگر احتیاط نہ برتا گیا تو وسط جنوری تک یہ قسم جرمن نظام صحت کے لیے ایک بوجھ بن جائے گی۔