گنڈا پور نے مخالفین کو ٹکٹ دیئے‘ رکن خیبر پی کے اسمبلی کا وزیراعظم کو خط
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے اندرونی اختلافات سامنے آ گئے۔ رکن خیبر پی کے اسمبلی ہشام انعام اللہ نے علی امین گنڈا پور پر الزامات لگا دیئے۔ انعام اللہ نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ میرے حلقہ میں سیاسی مخالفین کو پارٹی ٹکٹ دیئے گئے۔ لکی مروت میں ٹکٹوں کی تقسیم میں پارٹی کو نظر انداز کیا گیا اور ان کو ٹکٹ دیئے جن کا پارٹی سے تعلق نہیں۔ پارٹی ٹکٹ دینے کیلئے مجھ سے مشاورت نہیں کی گئی۔ مجھے پارٹی سے نکالنے کی دھمکی دی۔ گورنر اور علی امین گنڈا پور نے میرے خلاف سازش کی۔ سازش کرکے مجھے وزارت سے نکالا گیا۔