• news

قابض فوج کی ریاستی دہشگردی جاری،ایک اور نوجوان شہید


سری نگر(آئی این پی، اے پی پی)مقبوضہ جموں و کشمیر میں، اننت ناگ میں حریت پسندوں اور فورسز کے مابین تصادم میں ایک کشمیری شہید ہو گیا۔ بھارتی فوجیوں نے پیرا ملٹری اور سپیشل آپریشنز گروپ (SOG) کے اہلکاروں کے ساتھ ضلع اننت ناگ کے ارونی کے علاقے مومنہال میں جمعہ کو علی الصبح محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی جس کے دوران علاقے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر دیا گیااور علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس معطل کر دی۔ دوسری جانب بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے 3 افراد کے خلاف ایک جھوٹے مقدمے میں فردجرم جمع کرا دی ہے۔ جن میں ندیم الحق، طالب الرحمن اور ندیم ایوب راتھر شامل ہیں۔جبکہ بھارت کے غیر قانو نی زیر تسلط جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ امن زبر دستی نہیں بلکہ بنیادی مسئلے کو سمجھنے اور لوگوں کی شکایات کو دور کرنے سے قائم کیا جاسکتا ہے ۔ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کی بھارتی حکومت کی طرف سے جموں و کشمیر میں امن کا ڈرامہ کھیلا جا رہا ہے اور وہ علاقے کی خصوصی حیثیت کو مجروح کرنے کے بعد اب لوگوں کی زمینوں اور جائیدادوں پر نظریں جمائے ہوئے ہے۔

ای پیپر-دی نیشن