بھگوڑے بھائی کا ضمانتی بھی بھاگنے کے چکر میں ہے: شہباز گل
اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ منی لانڈرنگ اور کرپشن کیسز میں ضمانتی لوگوں کے ضمیر جگا رہے ہیں، شہبازشریف کرپشن، دھوکہ دہی اور لوٹ مار کی میراث پر بیٹھ کر جمہوریت کا راگ الاپ رہے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کو شہباز شریف کے بیان پر ردعمل میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی پوری سیاست مال لگا اور مال کما تک محدود ہے۔ شہباز شریف صاحب نے صرف زرمبادلہ کا ذکر سنا ہے سمجھ کوئی نہیں، کاش زرمبادلہ کا سوال کبھی مفرور اسحاق ڈار سے بھی کرتے۔ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر پچھلے 4 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں۔ دریں اثناء مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل میں شہباز گِل نے کہا ہے کہ ایک دھیلے اور دمڑی کی کرپشن نہ کرنے کے بلند بانگ دعویداروں کے پاس ثبوت نہیں، بھگوڑے بھائی کا ضمانتی بھی بھاگنے کے چکر میں ہے۔ درباری احتساب کو متنازعہ بنانے کی بجائے آقائوں کی بے گناہی ثابت کرنے کا سوچیں۔ وزیراعظم عمران خان کے ہوتے ہوئے فرار ممکن نہیں۔