پنجاب میں صحت کے شعبہ کی بہتری کیلئے 26 ارب روپے اضافی فنڈز کی منظوری
لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب حکومت نے صوبے میں صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر اور محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کو 26 ارب روپے کے اضافی فنڈز فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد محکمہ خزانہ پنجاب نے ان محکموں کے لئے 26 ارب روپے کا اضافی فنڈ جاری کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کو 7 ارب 50 کروڑ روپے کا اضافی بجٹ دیا گیا ہے جبکہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کو 18 ارب 52 کروڑ روپے کا اضافی بجٹ دیا گیا۔ دونوں محکموں نے حکومت پنجاب سے 34 ارب روپے کی ڈیمانڈ کی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ لاہور میں ایک ہزار بیڈ کے ہسپتال کی تعمیر کے لیے 6 ارب روپے کا بجٹ دیا گیا۔ لاہور میں نئے ایمرجنسی اور ٹراما سنٹر کے لیے بھی فنڈ جاری کردئیے گئے۔ پنجاب کے دیگر ہسپتالوں میں جاری تعمیراتی منصوبوں کے لیے بھی بجٹ دیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت نے یہ بجٹ ایڈیشنل ریسورسز کی مد میں محکمہ صحت کو جاری کیا ہے۔