• news

ہمیں کوئی اشارہ نہیں لیکن بڑا دھماکہ ہو گا: ایاز صادق


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق سپیکر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سردار ایاز صادق نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ پھر سے کہتا ہوں کچھ ہونے والا ہمیں نہ اشارہ ملا ہے نہ اشارے کی ضرورت ہے۔ ہم صاف و شفاف انتخابات چاہتے ہیں۔ اس طرح کے تجربے کبھی بھی کامیاب نہیں ہوئے۔ اس طرح کے تجربوں کی وجہ سے ہی ہم مزید پیچھے جاتے ہیں۔ اگر عمران خان 5 سال حکومت کرتے ہیں تو ان کی سیاست ختم ہو جائے گی۔ لوگوں کو خدشات ہیں کہ کہیں یہ ملک کو نہ لے ڈوبیں۔ جتنا وقت اس حکومت کو ملے گا ملک کیلئے تباہی ہے۔ کچھ نہ کچھ ہونا ضرور ہے۔ وقت پر بتائیں گے۔ ہمیں کسی کی مدد نہیں چاہئے۔ ہمیں صرف اﷲ تعالیٰ کی مدد چاہئے۔ پی ٹی آئی کی اپنی جماعت میں بہت دراڑیں ہیں۔ لوگ اس تجربے کو فارغ اور ناکامی قرار دے چکے ہیں۔ اپوزیشن کے کئی لوگوں کو نیب نے گرفتار کیا جبکہ پی ٹی آئی کے چند لوگوں کو بلایا اور چھوڑ دیا۔ پی ٹی آئی کی حکومت میں کرپشن کے انبار لگ گئے ہیں اور نیب سو رہا ہے۔ عوام اس حکومت کو مزید برداشت نہیں کر سکتے۔ ان ہاؤس تبدیلی کیلئے کب تیار ہوتے ہیں نہیں معلوم۔ ہو سکتا ہے کل تیار ہو جائیں۔ مسلم لیگ ن نے جے یو آئی کے ساتھ اتحاد کیا۔  نواز شریف بہت سے لوگوں سے ملاقات کرتے ہیں۔ ایاز صادق نے کہا کہ مسلم لیگ ن ان ہاؤس تبدیلی کیلئے تیار نہیں ہے۔ تحریک عدم اعتماد آ بھی جائے تو اس کے بعد کیا ہو گا۔ بہت جلد کچھ ہونے والا ہے‘ ایک دم بڑا دھماکہ ہو گا۔ ابھی بتا دیا کہ کیا ہونے والا ہے تو اس کے خلاف کام شروع ہو جائے گا۔ پارٹی کی قیادت کون کرے گا نواز شریف فیصلہ کریں گے۔ ہو سکتا ہے وہ واپس آ جائیں۔ اگر افواہیں ہیں کہ لوگ نواز شریف سے ملنے جا رہے ہیں تو کیوں جا رہے ہیں؟۔ نواز شریف کا ووٹ بنک ٹوٹنے کے کوئی چانس نہیں۔مجھے لگ رہا ہے نواز شریف کے آنے اور عمران خان کے جانے کا وقت  ہو گیا ہے۔ عدم اعتماد ہوا تو بوجھ آنے والی حکومت پر پڑیگا۔ عمران خان کے سارے داغ دھل جائیں گے۔ ثاقب نثار کا دور عدلیہ کیلئے اچھا نہیں تھا۔ نواز شریف عنقریب واپس آئیں گے۔ ہم سپورٹ نہیں صاف الیکشن چاہتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن