عمران اسماعیل‘ حماد اظہر میں ناراضی ختم فواد چودھری کے آفس میں دونوں کی ملاقات
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) سندھ میں گیس کی بندش کے معاملے پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر کے درمیان ناراضی کا معاملہ حل ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے گورنر سندھ اور حماد اظہر کے درمیان معاملہ حل کروا دیا ہے، اس حوالے سے وزیر اطلاعات کے دفتر میں جمعہ کو دونوں رہنمائوں کی ملاقات کرائی گئی۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی عامر کیانی بھی موجود تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں گورنر سندھ نے کراچی میں گیس پریشر نہ ہونے کا معاملہ سامنے رکھا اور کہا ہمارے کراچی میں گیس کے مسائل ہیں، کراچی کی عوام کو گیس ملنی چاہیے، میرا آپ سے صرف اتنا شکوہ ہے۔ حماد اظہر نے کہا کہ آپ میرے بڑے بھائی ہیں اور آپ کے ساتھ پرانا تعلق ہے، لیکن کراچی میں انڈسٹری نے حکم امتناعی حاصل کر رکھا ہے، جس کی وجہ سے گیس پریشر کے مسائل ہیں، سوئی سدرن کو کہا ہے کہ لیگل ٹیم کے ذریعے حکم امتناعی ختم کروایا جائے۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ ہمیں معاملات کو مل کر حل کرنا ہے، ایک دوسرے کا دفاع کرنا ہے۔ ذرائع کے مطابق حماد اظہر نے جلد کراچی میں گیس مسئلہ حل کروانے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔