• news

زرداری نے سندھ کے جو حالات کر دیئے،انہیں خیموں میں ہی رہنا پریگا،حسان خاور


لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا ویژن دنیا کی گیارہ کھرب ٹیکنالوجی آمدن سے پاکستان کا حصہ کلیم کرنا ہے۔ لاہور ٹیکناپولس پر کام کا آغاز اس ویژن کی تکمیل کی جانب وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ حسان خاور نے مزید کہا کہ اپوزیشن اس وقت "کھسیانی بلی کھمبا نوچے" کے مصداق اس منصوبے کا کریڈٹ لینے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ اگر ن لیگ کہے تو جو دیوار انہوں نے بنائی تھی اس کا نام دیوار (ن) رکھ دیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار حسان خاور نے الحمراء  میں وزیر ہائیر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز اور چیئرمین لاہور نالج پارک جمال انصاری کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جن منصوبوں پر عوام کا پیسہ لگا ہو ان کو سیاسی چپقلش کی نذر کرنے کی بجائے آگے بڑھانا چاہیئے۔ دنیا کا ٹیکنالوجی آمدن کا حجم گیارہ کھرب ڈالر تک چلا گیا ۔ اسی بنیاد پر ہم نے وفاقی ادارے سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی کے ساتھ معاہدہ کیا ہے تا کہ اس پراجیکٹ کو مقامی سلیکون ویلی اور ٹیک زون کی طرز پر فائدہ مند بنایا جائے۔ اس پروگرام سے  متعلق ایڈوانس تربیتی سیشنز جنوری سے شروع کر دیئے جائیں گے۔ منصوبے سے بالخصوص لاہور کی قسمت بدلے گی، ٹیکنالوجی کی برآمدات سے قوم کو فائدہ پہنچے گا۔ آصف زرداری کے خیمے لگا کر احتجاج کرنے کے بیان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سندھ کے جو حالات پیپلز پارٹی نے کر دیئے ہیں، انہیں واقعی خیموں میں رہنا پڑے گا۔ حسان خاور نے کہا کہ ایاز صادق صاحب نواز شریف کو پاکستان واپس لائیں، ان کے لیے دروازے کھلے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے کہا کہ وزیراعظم صنعتی ترقی کا ویژن لے کر آئے ہیں۔ چیئرمین لاہور نالج پارک جمال انصاری نے اس موقع پر بتایا کہ ہمارا عزم دنیا کی 100 بہترین سیمی کنڈکٹر بنانے والی کمپنیوں کو یہاں لانا ہے۔ اور  ہمارا مقصد ایک لاکھ افراد کو تربیت فراہم کرنا ہے۔ پہلے مرحلے میں حکومت دس ہزار افراد کو تربیت دے گی۔

ای پیپر-دی نیشن