ای وی ایم پر دباؤ میں لانا بند کیا جائے: ترجمان الیکشن کمشن
اسلا م آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن نے واضح کیا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے قوانین سے پہلے بھی الیکشن کمشن ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے متعد د اقدامات اٹھاتا رہا ہے جبکہ اس ٹیکنالوجی سے متعلق قانون سازی کے فوری بعد اس سلسلے میں الیکشن کمشن نے تین کمیٹیاں تشکیل دیں جو اپنا کام پوری ذمہ داری سے کررہی ہیں۔ ترجمان الیکشن کمشن کے مطابق چند میڈیا سیکشنز میں الیکشن کمشن سے متعلق کچھ ذمہ دار حلقوں کے ریفرنس سے ایسی خبریں نشرکی گئی ہیں جن سے یہ تاثر ملتا ہے کہ الیکشن کمشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں میں کوتاہی سے کام لے رہا ہے۔ کچھ لوگوں کو اس ٹیکنالوجی سے متعلق زیادہ ادراک نہیں ہے جس کی وجہ سے غیر ذمہ دارانہ بیانات سامنے آتے ہیں اور اس قسم کے بیانات عوام الناس، سول سوسائٹی، آگنائزیشن اور میڈیا کو غلط گائیڈکرنے کے مترادف ہیں۔ اس ضمن میں اگر کسی کو کسی قسم کی وضاحت چاہیے تو الیکشن کمشن کے دروازے کھلے ہیں وہ کسی وقت بھی تشریف لے آئے۔ الیکشن کمشن کے کام میں مداخلت نہ کی جائے اور الیکشن کمشن کو پرپشرائز کرنے کا سلسلہ بھی بند کیا جائے ۔