پاک فضائیہ کا بانی پاکستان کے یوم پیدائش پر مختصر دورانیے کی دستاویزی فلم کا اجراء
لاہور( این این آئی)پاک فضائیہ کی جانب سے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے قائداعظم کے یوم پیدائش پر مختصر دورانیے کی دستاویزی فلم کا اجراء بھی کیا گیا ۔پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کی گئی دستاویزی فلم میں قائداعظم کو برصغیر کے مظلوم مسلمانوں کے لیے بطور امید اجاگر کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق قائد اعظم محمد علی جناح امید کی روشن کرن تھے، قائد اعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک قوم کی طرح متحد کر کے علیحدہ و آزاد وطن حاصل کیا، یہ قائداعظم کی انتھک کاوشوں کا ہی ثمر ہے کہ آج ہم آزاد مملکت میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے جمہوریت، آزادی، مساوات، رواداری، سماجی انصاف کے اصولوں پر ریاست کا تصور دیا اور اس کی بنیاد رکھی۔ترجمان پاک فضائیہ نے کہا کہ بانی پاکستانی نے ’’کوئی مقابل نہیں‘‘کا پائیدار وژن بھی دیا، قائد کا نظریہ، وژن، ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے رہنما اصول عظیم قوم بننے کے سفر میں مشعل راہ ہیں۔